پیوستہ رہ شجر سے اُمید بہار رکھ

پیوستہ رہ شجر سے اُمید بہار رکھ

تحریر:ڈاکٹر سرور حسین

قدر ت نے اپنی تخلیق کے ہر پہلو میں انسانی تربیت کا کوئی نہ کوئی زاویہ رکھا ہے اور اسی لیے اسے بار بار کائنات پر غور و فکر کرنے کی دعوت اور ترغیب دلائی گئی ہے۔ہمارے اردگرد کتنا کچھ ہے جوہمیں خالق سے جوڑنے اور معاشرے میں مفید بننے کی طرف توجہ دلاتا ہے۔میر تقی میر نے بھی شاید اسی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”سرسری تم جہان سے گزرے، ورنہ ہر جا جہانِ دیگر تھا“۔
راستوں میں کھڑے ہوئے درختوں کی بھی الگ کائنات اور اپنا ایک نظام ہے جس میں جھانکنے کی ہم فرصت ہی نہیں نکال پاتے۔درخت بولتے نہیں، خاموش رہتے ہیں، مگر دیتے بہت کچھ ہیں۔ دھوپ میں سایہ، گرمی میں ٹھنڈک، فضاؤں میں زندگی کے لیے ضروری گیسوں کے توازن میں حصہ، پرندوں کو آشیانہ، مسافروں کو پناہ اور تھکے ہوئے انسان کو چند لمحوں کا سکون۔ وہ زمین میں کھڑے رہ کر آسمان کی وسعتوں سے تعلق قائم رکھتے ہیں۔ ان کی جڑیں گہرائی میں اترتی ہیں اور شاخیں بلندی کی طرف سفر کرتی ہیں۔
ایک تناور درخت کو دیکھ کر بظاہر یہی محسوس ہوتا ہے کہ اس کی طاقت اس کے بلند قامت تنے اور پھیلی ہوئی شاخوں میں ہے، لیکن اس کی اصل قوت زمین کے اندر چھپی ہوئی جڑوں میں ہوتی ہے۔ جڑیں دکھائی نہیں دیتیں، مگر پورے درخت کو سنبھالے رکھتی ہیں۔ آندھی آئے، بارش ہو یا موسم کی سختی، درخت کی بقا میں اس کی جڑوں کا بنیادی کردار ہوتا ہے جو دکھائی نہیں دیتیں۔انسانی زندگی بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ ہمارے علم، عہدے، دولت اور شہرت کو لوگ دیکھتے ہیں، لیکن ہماری تربیت، ہماری اقدار، ہمارے بزرگوں کی دعائیں اور ہمارے کردار کی مضبوطی اکثر نگاہوں سے اوجھل رہتی ہے۔ اگر یہ بنیادیں کمزور ہو جائیں تو ظاہری کامیابی کے باوجود انسان اندر سے کھوکھلا ہو سکتا ہے۔ زمین پر دکھائی دیتے رہنا اور دوسروں کیلئے مفید ہونا دراصل اپنی مضبوط بنیادوں سے جڑے ہونے کی علامت ہے۔
درختوں کی ایک اور بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ اپنے سائے کے لیے کسی پر احسان نہیں جتاتے۔ راستے میں چلنے والے تھکے ہارے مسافر اس کے نیچے بیٹھ جاتے ہیں،راہ چلتے جانور اس کے سائے میں رکتے ہیں اور پرندے اس کی شاخوں پر اپنے گھونسلے بنا لیتے ہیں۔اپنے قریب آنے والوں میں امیر غریب، اپنے پرائے، یا طاقت ور اور کمزور میں کوئی امتیاز نہیں رکھتے اور اپنی فطرت کے مطابق اس کے پاس جو کچھ ہوتا ہے اس سے فیض یاب کرتے ہیں۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ان کے ذریعے فطرت انسان کو ایک بڑا اخلاقی سبق دیتی ہے۔ہم میں سے ہر شخص کسی نہ کسی درجے میں دوسرے انسانوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔ کسی کے پاس دولت ہے، کسی کے پاس علم، کسی کے پاس اختیار اور کسی کے پاس تجربہ، لیکن ہمارے پاس آنے والوں کے لیے سوال ہی سوال ہیں۔دوسروں کے لیے آسانیاں نہیں مشکلات ہیں، نعمتیں تقسیم کرنیکی بجائے ہم اسے دوسروں پر اپنی برتری ثابت کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔وہ خوبی جو ہماری اپنی نہیں بلکہ قدرت کی عطا کردہ ہے ہم اس کے مالک بن کر دوسروں تک اس کی رسائی روک لیتے ہیں۔درخت پیغام دیتے ہیں کہ بڑا دراصل وہی ہے جس کے وجود سے دوسروں کو سہارا ملے۔علم، مقام و مرتبہ اور اختیار کی شاخیں پھلوں سے لدی ہوں لیکن ان کا جھکاؤ زمین کی طرف ہو، انسانی شرف سے رشتہ استوار رہے۔
درختوں کی زندگی بھی ہمیشہ آسان نہیں ہوتی۔ کبھی تیز ہوائیں ان کی شاخیں توڑ دیتی ہیں، کبھی خشک سالی ان کے لیے پانی کی کمی پیدا کرتی ہے اور کبھی موسم کی سختی ان کی نشوونما کو متاثر کرتی ہے۔ تیز دھوپ مسلسل ان کی شاخوں پر پڑتی رہتی ہے لیکن ان ناموافق حالات میں بھی وہ زندہ رہنے کی تگ و دو میں لگے رہتے ہیں۔اس کوشش میں بعض کی شاخیں جھک جاتی ہیں، بعض اپنے پتوں سے محروم ہو جاتے ہیں لیکن مناسب حالات آنے پر دوبارہ نئی کونپلیں نکل آتی ہیں۔یہی وہ ثابت قدمی ہے جو ہمیں حالات سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ اور عزم سکھاتی ہے کہ موسم منظر اور حالات ہمیشہ ایک سے نہیں رہتے۔ہماری زندگی میں آزمائشیں ہمیں مایوس کر دیتی ہیں، بے حوصلہ کر کے رکھ دیتی ہیں اور شاید ہماری ثابت قدمی کو متزلزل کر دینے کا سبب بنتی ہیں لیکن اپنے مقام پر کھڑے رہنا اور اچھے وقت کا انتظار کرنا ہمیں درخت ہی سکھاتے ہیں اور پھر وقت ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا۔بہار ہمیشہ نہیں رہتی تو خزاں کا موسم بھی مستقل نہیں ہوتا۔ ہر انسان پر ایسے وقت آتے ہیں جب منصوبے ناکام ہو جاتے ہیں، تعلقات میں دراڑیں پڑ جاتی ہیں، روزگار متاثر ہوتا ہے یا صحت ساتھ چھوڑنے لگتی ہے۔ان حالات میں کبھی صبر، کبھی حکمت، کبھی نئی کوشش اور کبھی اپنی غلطیوں کو تسلیم کرکے آگے بڑھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
درخت خاموش ہیں، مگر ان کی خدمت بولتی ہے، ان کا وجود ہی ان کی خدمت کا اظہار ہے۔انسان خیر کا عمل کر کے بولنے لگتا ہے دکھانے کی خواہش اس کے دل میں امڈنے لگتی ہے،احسان جتانے کا جذبہ اس میں سرائیت کرنے لگتا ہے لیکن یہ سب کچھ درختوں کی خاموشی سے سیکھا جا سکتا ہے کہ خیر کے عمل میں لگے رہو، مفید بنے رہنے کی ثابت قدمی پر کھڑے رہو مگر نمائش اور ذکر کرنے سے گریز کرو۔
درخت پیغام دیتے ہیں کہ بنیاد سے رشتہ مضبوط رکھو ورنہ نظر تو آتے رہو گے لیکن اندر سے کھوکھلے ہوتے جاؤ گے بالکل اسی طرح کہ جب جڑوں سے رشتہ ٹوٹتا ہے تو تنے کی قوت آہستہ آہستہ ختم ہونے لگتی ہے۔استقامت ہی کامیابی کا دروازہ ہے۔ وجود کے تنے پر نعمتوں کی لگی شاخیں جتنی پھل دار ہوں اتنا ہی ان کا رخ مخلوق کی آسانی کے لیے ان کی طرف جھکتا چلا جائے کیونکہ یہی زندگی کا حسن ہے کہ دوسروں کے لیے مفید بنا جائے۔ علامہ اقبالؒ یاد آ رہے ہیں ”پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ

Leave a reply