
تربت: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے شہر تربت کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال، فوجی تیاریوں اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تربت پہنچنے پر کور کمانڈر بلوچستان نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔ دورے کے موقع پر انہوں نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر انہیں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری سماجی و معاشی ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات پر ہونے والی پیش رفت بھی زیرِ بحث آئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تربت میں تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور مشکل جغرافیائی و آپریشنل حالات میں فرائض انجام دینے پر ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج بلوچستان میں مستقل امن کے قیام، معاشی خوشحالی اور ترقی کے لیے صوبے کے عوام کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔








