دِل سے پاکستانی بنو

دِل سے پاکستانی بنو

تحریر:محمد افضل عاجز

ابا سے میں قیام پاکستان اور پھر بعد کے حالات کے بارے میں پوچھتا رہتا تھا مرحوم کوئی زیادہ پڑھے لکھے یا فلسفی بالکل نہیں تھے ایک عام دیہاتی انسان تھے ہر سوال کا جواب دیہاتی دانش سے دیتے پاکستان کے قیام کو ایک معجزہ اور اللہ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت سمجھتے تھے ہندوؤں کی معاشی دسترس کو مسلمانوں کے خلاف بہت بڑا ہتھیار سمجھتے تھے وہ بتاتے تھے وہ لوگ معاشی بلندیوں تک پہنچنے کے لئے ہر جائز ناجائڑ طریقہ استعمال کرتے تھے مگر ہم مسلمان جائز طریقہ بھی استعمال کرنے سے کتراتے تھے جس کی وجہ سے معاشی توازن بگڑا ہوا تھا اور ہم مسلمان ان کی گرفت میں تھے قائداعظمؒ نے اسی گرفت کو دیکھتے ہوئے ایک علیحدہ ملک کو ضروری سمجھا اور جدوجہد کی ہم آج تک ان کی حقیقی جدوجہد کا مطلب نہیں سمجھ سکے ہم سمجھتے ہیں کے آزادی کا مطلب ہر معاملے میں بالکل بے نیازی ہے، حالانکہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کا مقصد و مطلب یہ بالکل نہیں تھا جو ہم سمجھے بیٹھے ہیں بابا تو ہر طرح کی ترقی کے خواہشمند تھے دوسری اقوام کے مقابلے میں ہمیں کھڑا دیکھنا چاہتے تھے ایک جدید اسلامی معاشرے کو قائم کرنا چاہتے تھے جو مسجد سے لیکر یونیورسٹی تک سائیکل سے لیکر جہاز تک چھوٹی سی دکان سے لیکر بڑے کارخانے تک کی تعلیم و تربیت کا نگہبان ہو۔

قائداعظمؒ تو مسلکی اختلافات کے مخالف تھے وہ تو اللہ رسولؐ اور قرآن کو سب سے اوپر سمجھتے تھے وہ تو ہندو کی ذات پات چھوت چھات اونچ نیچ کے فرق کو مٹا دینا چاہتے تھے وہ تو اس سوچ کو ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمود ایاز کے نیچے دفن کرنا چاہتے تھے وہ اسلام کے سچے اور کھرے نظام کے داعی تھے مگر ہم نے ان کے اقوال فرمودات کو بالکل نظر انداز کردیا ہے۔

میں ابا سے کہتا ترقی تو ہوئی ہے ہمارے گاؤں میں بھی کتنے بڑے زمیندار اور جاگیردار ہیں ابا سنتے اور بتاتے یہ شہر میں چند لوگ بہت اونچے نظر آتے ہیں جنہوں نے پورے شہر کو مٹھی میں کر رکھا ہے یہ میری نظروں کے سامنے بڑے بنے ہیں ان کے پاس جو کچھ بھی ہے لوٹ کھسوٹ کا ہے یہ قبضہ مافیا ہے انہوں شروع میں ہندوؤں سکھوں کے مال و جائیداد پر قبضہ کیا پھر بعد میں یہاں کے کمزور لوگوں کے مال پر بھی قبضہ کیا انہوں نے وہی کچھ کیا جو قیام پاکستان سے پہلے ہندو کیا کرتے تھے فرق یہ تھا کہ وہ ہندو تھے یہ مسلماں ہیں مگر دونوں کے کام ایک جیسے ہیں علامہ اقبالؒ نے جو خواب اور بابائے قوم نے جو ہدایت دی تھی سب کچھ اس کے برعکس ہونے لگا یہاں ہر ایک نے پاکستان سے زیادہ اپنے خاندان اور قریبی لوگوں کے مفادات کا تحفظ کیا تم سوچو جو شخص پاکستان میں رہتا ہے اس کاکسی دوسرے ملک میں جائیداد کا کیا مطلب۔

سیدھا مطلب یہی ہے کہ ان کے نزدیک پاکستان ایک عارضی ٹھکانہ ہے یہاں کے وسائل سے فائدہ اٹھاؤ جیسے انگریز اٹھاتے تھے۔جہاں سے جتنا نوچ سکتے ہو نوچو اور کسی محفوظ جگہ پر سنبھال کے رکھ دو۔یہ ملک جو ہم نے اپنی آنکھوں سے بنتے ہوئے دیکھا۔اس کے قیام کے لئے جدوجہد کی لوگوں نے اپنی جان مال عزت آبرو کی قربانی دی کیا وہ یہ سب کچھ ایسی تھی جو ہم دیکھ رہے ہیں ہم جس حال میں پاکستان کو آہستہ آہستہ پہنچا رہے ہیں یہ ایک خطرناک راستہ ہے۔ہمیں اپنا راستہ بدلنا ہو گا،ہمیں آزادی کے مطلب کو سمجھنا ہوگا گھروں کو باہر سے ہی نہیں اندر سے بھی روشن کرنا ہوگا وطن کے گیت لبوں پر ہی نہیں دلوں سے ابھرنا چاہئیں اپنے گھر اور خاندان کا ہی نہیں اپنے اردگرد کے لوگوں کا بھی خیال رکھنا ہوگا ہمیں جہاں بھی جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اسے ایمانداری کے ساتھ پورا کرنا ہوگا ملکی وسائل میں اضافے کا مطلب یہ ہے کہ ہم سب اس میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں قرضوں سے ملک نہیں چلتے ملک محنت سے چلتے ہیں زندہ قومیں محنت کرتی ہیں اپنے قریب کے ملک چین کو دیکھ لو کیا ان لوگوں کے بارہ بارہ ہاتھ ہیں ان کے بھی دو دو ہاتھ ہیں مگر وہ انہیں ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتے ہوئے ہزاروں اور لاکھوں کروڑوں ہاتھوں میں بدل دیتے ہیں اتنے ہاتھ اگر پہاڑ کو اپنی جگہ سے ہلانا چاہیں تو ہلا دیتے ہیں، مگر ہم ایسا نہیں کرتے ہم اپنی ذات سے اوپر نہیں سوچتے یہی سوچ ہمیں برباد کر رہی ہے ملک کو موجودہ حالات میں کسی ایک نے نہیں ہم سب نے مل جل کر پہنچایا ہے ہم14اگست کے دن محض آزادی مناتے ہیں ناچتے ہیں گاتے ہیں کیک کاٹتے ہیں مبارکبادیں دیتے ہیں رہنماء تقریریں کرتے ہیں ہم نعرے لگاتے ہیں لیکن پندرہ اگست کو پھر پہلے جیسے ہوتے ہیں ہمیں اس سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے غور کرنے کی ضرورت ہے حساب کتاب کرنے کی ضرورت ہے دیکھنے کی ضرورت ہے کہ کہاں خرابی ہے اور پھر اس خرابی کو یہ سوچ کر دور کرنے کی ضرورت ہے کہ آنے والے چودہ اگست کو ہم بابائے قوم قائداعظمؒ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ اور ہزاروں جدوجہد کرنے والی ارواح کو بتا سکیں کے ہم نے خرابیوں کو دور کرنا شروع کردیا ہے ہم درست سمت میں سفر کر رہے ہیں ہم نے معمول کے جھگڑے چھوڑ دیے ہیں ہم سب پاکستان اور اس کے مفادات ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک صفحے پر ہیں ہمارے بزرگ ہمارے رہنما ہیں ہمارے جوان ہمارے ہتھیار ہیں ہماری خواتین ہماری پشت پر ہیں ہم نے آگے کے سفر کو اپنی منزل بنالیا ہے ہم سرخرو ہونے کے راستے پر چل پڑیں ہیں اب ہم زباں سے ہی نہیں دل سے بھی پاکستانی ہیں

Leave a reply