پاکستان کا فتح 3سپرسونک کروزمیزائل کاکامیاب تجربہ

0
12
پاکستان کا فتح 3سپرسونک کروزمیزائل کاکامیاب تجربہ

اسلام آباد: پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور اہم پیشرفت کرتے ہوئے فتح 3 سپر سونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل کا تجربہ 18 نومبر کو کیا گیا۔ جدید نیویگیشن اور پروپلشن ٹیکنالوجی سے لیس فتح 3 طویل فاصلے پر موجود اہداف کو سپر سونک رفتار سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس میزائل کی کامیاب آزمائش سے پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل استعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس پیشرفت سے روایتی دفاعی صلاحیتوں کو تقویت ملنے کے ساتھ اہداف تک رسائی کی صلاحیت بھی بہتر ہوگی۔

میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔

قومی قیادت نے اس دفاعی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور متعلقہ ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور لگن کو بھی سراہا۔

فتح 3 کا کامیاب تجربہ پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a reply