14 سالہ ہیکر نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا، 4 ہزار اگنی ویر اہلکاروں کا ڈیٹا داؤ پر لگ گیا

0
12
14 سالہ ہیکر نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا، 4 ہزار اگنی ویر اہلکاروں کا ڈیٹا داؤ پر لگ گیا

نئی دہلی: بھارت میں 14 سالہ لڑکے کو تقریباً 4 ہزار اگنی ویر اہلکاروں کا مبینہ ڈیٹا چرانے اور اسے ڈارک ویب پر فروخت کرنے کی کوشش کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی پولیس نے ہریانہ کے علاقے بلبھ گڑھ سے تعلق رکھنے والے کم عمر لڑکے کے خلاف سائبر ڈیٹا چوری کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے سابق اگنی ویر اہلکاروں کی رجسٹریشن اور سرکاری ملازمتوں کے مواقع سے متعلق ایک ویب سائٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرکے مبینہ طور پر ڈیٹا حاصل کیا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ لڑکے نے ڈارک ویب پر ایک اشتہار جاری کیا تھا، جس میں تقریباً 4 ہزار اگنی ویر اہلکاروں کا ڈیٹا موجود ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے اسے 500 ڈالر میں فروخت کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ملزم نے ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹولز سے بھی مدد لی تھی۔

دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے سائبر کرائم یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکے کے ڈیجیٹل آلات سے مبینہ طور پر حاصل کیا گیا ڈیٹا برآمد کرلیا ہے۔ تاہم حکام تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کرسکے کہ یہ معلومات حقیقی اور سرکاری ریکارڈ کا حصہ ہیں یا نہیں۔

اس حوالے سے بھارتی وزارت داخلہ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے تاکہ سرکاری ریکارڈ کے ساتھ برآمد شدہ ڈیٹا کا موازنہ کرکے اس کی صداقت معلوم کی جاسکے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے بعد قانونی ضابطوں کے تحت لڑکے کو اس کے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے جون 2022 میں اگنی پتھ بھرتی اسکیم متعارف کرائی تھی، جس کے تحت فوج، بحریہ اور فضائیہ میں چار سال کے لیے نوجوانوں کو بھرتی کیا جاتا ہے۔ ان اہلکاروں کو اگنی ویر کہا جاتا ہے۔

اس واقعے نے بھارت میں دفاعی اہلکاروں کے ذاتی کوائف کے تحفظ اور سرکاری ویب سائٹس کے سائبر سیکیورٹی نظام پر نئے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

Leave a reply