
لاہور: پنجاب حکومت نے سرکاری نرسنگ اداروں میں خدمات انجام دینے والے تدریسی عملے کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے 285 پوسٹ گریجویٹ اسکالرشپس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسکالرشپ پروگرام کے تحت نرسنگ فیکلٹی کے لیے پی ایچ ڈی کی 15 جبکہ ماسٹر آف سائنس اِن نرسنگ (ایم ایس سی این) کی 270 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
یہ اقدام پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام کا حصہ ہے، جس کا بنیادی مقصد نرسنگ کے شعبے میں تدریسی معیار بلند کرنے کے ساتھ اساتذہ کی تحقیقی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
اعلان کے مطابق پی ایچ ڈی اسکالرشپس کے ذریعے اہل امیدواروں کو بیرون ملک جامعات میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا، جبکہ ایم ایس سی این کی اسکالرشپس پاکستان کی تسلیم شدہ جامعات میں فراہم کی جائیں گی۔
اس پروگرام کی نگرانی اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پروگرام امپلیمنٹیشن یونٹ کے سپرد ہوگی۔ اسکالرشپس مقررہ نشستیں مکمل ہونے تک مرحلہ وار جاری کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق صوبے کے سرکاری نرسنگ اداروں میں کام کرنے والے اہل تدریسی ملازمین ان اسکالرشپس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ متعلقہ ڈگری پروگرام کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ شرائط پوری کرتے ہوں۔
وہ فیکلٹی ممبران بھی درخواست دینے کے اہل ہوں گے جنہوں نے کسی تسلیم شدہ یونیورسٹی میں داخلے کے لیے درخواست دی ہے، داخلے کی پیشکش حاصل کرلی ہے یا پہلے ہی داخلہ لے چکے ہیں۔ تاہم یونیورسٹی میں داخلہ ملنے سے اسکالرشپ کا حصول یقینی نہیں ہوگا، کیونکہ ہر درخواست کا الگ سے جائزہ لیا جائے گا۔
درخواست جمع کرانے کا طریقہ
خواہش مند امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درخواست دینے سے پہلے پروگرام کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب اہلیت کے معیار، متعلقہ جامعات، شرائط اور طریقہ کار کا مطالعہ کریں۔
درخواست کے ساتھ تعلیمی اسناد، یونیورسٹی اور منتخب کردہ پروگرام کی تفصیلات سمیت تمام ضروری دستاویزات منسلک کرنا ہوں گی۔ داخلے کی پیشکش حاصل کرنے والے امیدواروں کو متعلقہ آفر لیٹر بھی فراہم کرنا ہوگا۔
مکمل درخواست ڈائریکٹوریٹ جنرل نرسنگ (ڈی جی نرسنگ) کے ذریعے پروگرام امپلیمنٹیشن یونٹ تک پہنچائی جائے گی، جہاں دستاویزات کی جانچ اور امیدواروں کی اہلیت کا تعین کیا جائے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ درخواستیں مقررہ سرکاری طریقہ کار کے تحت متعلقہ دفتر میں جمع کرائی جائیں۔ امیدوار دستاویزات براہ راست پروگرام امپلیمنٹیشن یونٹ کو ارسال کرنے سے گریز کریں۔









