
اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ڈی 14 میں ایک مکان پر کارروائی کے دوران مبینہ طور پر گدھوں اور کتوں کا 800 کلو گوشت برآمد کرلیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران مکان سے 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا اور پانچ زندہ کتے بھی ملے۔ اس کے علاوہ 21 کچھوے، ایک گیدڑ اور ایک زندہ پینگولین بھی برآمد کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مکان سے جانوروں اور گوشت کی خرید و فروخت یا ترسیل سے متعلق کوئی ریکارڈ اور قانونی اجازت نامہ نہیں ملا۔
واقعے کے بعد فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ برآمد ہونے والے زندہ جانوروں کو محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کردیا گیا۔
کارروائی کے بعد متعلقہ مکان کو سیل کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔









