ایران کو پاکستان کا دوٹوک پیغام، خلیجی ممالک کو نشانہ نہ بناؤ، اسحاق ڈار

0
6
ایران کو پاکستان کا دوٹوک پیغام، خلیجی ممالک کو نشانہ نہ بناؤ، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران پر زور دیا تھا کہ وہ خلیجی اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کو نشانہ بنانے سے گریز کرے۔ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

یورپی نشریاتی ادارے یورو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور تمام ممالک کے مساوی احترام کے اصولوں پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کا پائیدار حل صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ پاکستان نے کشیدگی کے آغاز پر ہی ایرانی قیادت سے رابطہ کیا اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا تھا۔

وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کرکے سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں پیش رفت کے باوجود معاہدے پر مکمل عمل درآمد کے لیے دونوں فریقوں کو آمادہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے لیے نئے علاقائی سیکیورٹی نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کے مطابق پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے درمیان تعاون کو یورپی ممالک کی شمولیت سے مزید وسعت ملی ہے، جبکہ اس نئے سیکیورٹی ڈھانچے سے یورپ کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

امریکا اور چین کے ساتھ متوازن تعلقات

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ فعال سفارتی و اقتصادی روابط رکھتا ہے، جبکہ چین کے ساتھ اس کی دیرینہ تزویراتی شراکت داری ہے۔ پاکستان دونوں بڑی طاقتوں کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب توجہ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر مرکوز ہے۔

معاشی استحکام اور سرمایہ کاری

معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قرضوں کے حوالے سے بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق ملک کا قرضہ اور جی ڈی پی کا تناسب کم ہو کر تقریباً 67 سے 68 فیصد تک آ گیا ہے۔

انہوں نے معدنی وسائل اور نایاب زمینی ذخائر کو پاکستان کے لیے بڑا معاشی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت پر اتفاق کرنا چاہیے۔

افغانستان اور بھارت سے متعلق مؤقف

افغانستان کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم اور پُرامن افغانستان کا خواہاں ہے، تاہم افغان سرزمین پاکستان سمیت کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے افغان حکام سے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابل تصدیق اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔

بھارت کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی بحالی کا انحصار نئی دہلی کے رویے پر ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کی یکطرفہ معطلی قابل قبول نہیں۔

اسحاق ڈار کے مطابق خطے میں دیرپا امن، اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے سفارتی روابط کو مضبوط بنانے اور طے شدہ معاہدوں پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔

Leave a reply