
ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں نے پیشگی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ موسمی ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہ سکتا ہے اور یہ صورتحال کئی ہفتوں تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔
جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں گرمی کی شدت سب سے زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے، جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ کر 52 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اپریل کے آخری دنوں سے مئی کے آغاز تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی ہے۔
ساحلی علاقوں بالخصوص کراچی میں بھی درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ حبس بڑھنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری طور پر دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور کمزور افراد جیسے بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر کچھ علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، تاہم مجموعی طور پر گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ مئی اور جون کو سال کے گرم ترین مہینے قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت پہلے ہی معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
مزید برآں، 29 اپریل سے 3 مئی تک جنوبی علاقوں میں ہلکی ہیٹ ویو جبکہ بالائی علاقوں میں 29 اپریل سے 5 مئی کے دوران درجہ حرارت میں معمولی کمی متوقع ہے۔









