کاپی اور پیسٹ

کاپی اور پیسٹ

تحریر:ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی

کاپی کا انتظام بمشکل کیا جاتا تھا۔ پیسٹ کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا تھا۔ بچے پڑھتے تھے۔ تختی میسر ہوتی تھی۔ سلیٹ میسر ہوتی تھی۔ ٹوتھ پیسٹ کا رواج نہ تھا۔ مسواک کیا جاتا تھا۔ منجن سے دانت صاف کیے جاتے تھے۔ دیسی نسخے آزمائے جاتے تھے۔ راکھ اور نمک ملا کر سفوف بنا لیا جاتا تھا۔ کاپی اگر ضروری ہوتی تھی تو گھر میں بنا لی جاتی تھی۔ کاغذ منگوائے جاتے تھے۔ کٹنگ کی جاتی تھی۔ جلد چڑھائی جاتی تھی۔ لیوی گھر میں بنائی جاتی تھی۔ آٹے اور چند اشیا کو ملا کر کچھ نہ کچھ بنا لیا جاتا تھا۔ سب آسان تھا۔ سب کچھ گھریلو تھا۔ گئے دنوں کی بات ہے، مگر گئی گزری بات نہیں۔بچے دل لگا کر پڑھتے تھے۔ کوئی بچہ پڑھتا تھا، کوئی دل لگاتا تھا۔ کوئی کوئی دونوں کام بھی کر لیتا تھا؛ کبھی پڑھ لیتا تھا، کبھی دل لگا لیتا تھا۔ زندگی مشکل نہیں تھی۔ واک کا رواج نہیں تھا، پیدل چلنے کا رواج تھا۔ صبح کی سیر ہر کوئی کرتا تھا۔ شام کو بچے کھیلنے جاتے تھے۔ چھٹیوں میں گھر مزید آباد ہو جاتے تھے؛ دادکا گھر، نانکا گھر۔ دودھ پیا جاتا تھا۔ لسی پی جاتی تھی۔ جسمانی مشقت کی جاتی تھی۔ کبڈی کھیلی جاتی تھی۔ اکھاڑے آباد تھے۔ والی بال کھیلا جاتا تھا۔ کھیل مقامی تھے اور وافر تھے۔ خالص مردانہ کھیل بھی تھے، خالص زنانہ کھیل بھی تھے۔ کو ایجوکیشن کم تھی، مخلوط کھیل کم نہ تھے۔معاشرہ مضبوط تھا۔ تفریق کا رواج نہ تھا۔ لوگ جمع ہوتے تھے، کسی کو ضرب نہ لگاتے تھے۔ جو کچھ ہوتا تھا، تقسیم کر لیا جاتا تھا۔ مل جل کر رہنے کا زمانہ تھا۔ میلوں ٹھیلوں کا زمانہ تھا۔ برکت کا زمانہ تھا۔ حکمت کا زمانہ تھا۔ دانش کا زمانہ تھا۔ شانتی کا زمانہ تھا۔ خوشحال گھرانہ تھا۔ بچے دو بھی اچھے تھے، چار بھی اچھے تھے، چھ بھی اچھے تھے۔ سوتیلے سگے تھے، سگے سوتیلے نہیں ہوئے تھے۔ رشتے نوکیلے نہیں ہوئے تھے۔ چاچا، انکل نہیں بنا تھا۔ ماموں، ماموں جان تھا۔ نہ کوئی کسی کی حالت سے انجان تھا۔زلزلے آتے تھے، سیلاب آتے تھے، گزر جاتے تھے۔ لوگ کھڑے رہتے تھے؛ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہتے تھے۔ غم جتنے بھی تھے، کم لگتے تھے۔ خوشیاں جتنی بھی تھیں، زیادہ لگتی تھیں۔ سڑکیں کشادہ لگتی تھیں۔ نعمتیں گر کم بھی تھیں، تو زیادہ لگتی تھیں۔ سکول کچے تھے، استاد سچے تھے، رشتے پکے تھے۔ بزرگ کا احترام تھا۔ صاحبِ علم کا نام تھا۔ صاحبِ دانش کو سلام تھا۔ سچ کا قیام تھا۔ جھوٹ کو پرنام تھا۔ لوگوں کو احساس صبح و شام تھا۔ دن دن تھا، رات رات تھی۔ دن اور رات باہم ملے نہ تھے۔ لوگوں کو ایک دوجے سے گلے نہ تھے۔پھکی سے آرام آ جاتا تھا۔ چکی کا آٹا ہر کوئی کھاتا تھا۔ گاؤں والا شہر جاتا تھا، شہر والا گاؤں آتا تھا۔ سچا ناتا تھا۔ رانجھا مجھیں چراتا تھا۔ میاں مٹھو چوری کھاتا تھا۔ عید تہوار کا مزہ آتا تھا۔ لوگ ملتے تھے، پھول کھلتے تھے۔ پانچوں دریا رواں تھے۔ موسم موسم کے الگ ساماں تھے۔ بہار آتی تھی، برسات آتی تھی۔ سردی جاتی تھی تو گرمی آتی تھی۔ شہر جنگل نہیں بنے تھے۔ دفتر دنگل نہیں بنے تھے۔ ہوس کا چنگل نہیں بنے تھے۔ چوپالیں آباد تھیں۔ سوچیں آزاد تھیں۔ پرکھوں کی ادائیں یاد تھیں۔ بہو بیٹیاں شاد تھیں۔ آنکھ آنکھ میں حیا تھی۔ چار سو وفا تھی۔ زندگی خالق کی عطا تھی۔ لوگ خالق کی عطا کا بھرم رکھتے تھے۔ آنکھ میں شرم رکھتے تھے۔ دل نرم رکھتے تھے۔ جذبات گرم رکھتے تھے۔ اک دوجے کے لیے دستِ کرم رکھتے تھے۔احساسِ مروت کو آلات نے کچلا نہ تھا۔ کسی کے جذبات کو حالات نے مسلا نہ تھا۔ زندگی اتنا بڑا مسئلہ نہ تھی۔ ہر سانس اسلحہ نہ تھی۔ زندگی آسانی تھی، جانی پہچانی تھی۔ جوانی تھی، مگر من مانی نہ تھی۔ کوئی بھی راہ انجانی نہ تھی۔ ہر راستہ گاؤں کو جاتا تھا۔ ہر راستہ چھاؤں کو جاتا تھا۔ فرد فرد چھاؤں تھا۔ شہر شہر گاؤں تھا۔اب بھی کاپی پیسٹ کا زمانہ ہے۔ اب سولڈ ویسٹ کا زمانہ ہے۔ نت نئے ٹیسٹ کا زمانہ ہے۔ ہیسٹ کا زمانہ ہے۔ انسان کا زمانہ گزر گیا ہے۔ شرافت کا زمانہ گزر گیا ہے۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے زمانے میں کوئی کتنا بھی نیچرل ہو، بے معنی ہے۔ چار سو راج کرتی ڈیجیٹل بے ایمانی ہے۔ سادہ دل کے لیے پریشانی ہے، پشیمانی ہے۔ کون کرتا اس کی نگہبانی ہے؟تم اور کتنی دیر ہو، ہم اور کتنی دیر؟ ہر رات کی ہوتی ہے سویر۔ آدمی اندھیرا بھی ہے، آدمی سویرا بھی ہے۔ آدمی تیرا بھی ہے، آدمی میرا بھی ہے۔ آدمی نے آدمی کو گھیرا بھی ہے۔ آدمی آدمی کے لئے بہتیرا بھی ہے جس نے ذرا برابر برائی کی، وہ بھی دیکھ لے گا۔ جس نے ذرا برابر اچھائی کی، وہ بھی دیکھ لے گا۔ بہتات کی حرص نے، حتیٰ کہ تم نے قبریں جا دیکھیں۔ بے شک انسان خسارے میں ہے، مگر وہ لوگ نہیں جو ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے، حق بات کی تبلیغ اور صبر کی تلقین کرتے رہے۔ہم آج کیا کر رہے ہیں؟ نوٹ ہو رہا ہے۔ قلم چل رہا ہے۔ فلم بن رہی ہے۔ کاپی پیسٹ نہیں کیا جا رہا، اوریجنل ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔ عضو عضو دمِ تحریر موجود ہے۔ حشر میں گواہی دے گا۔ کوئی کسی کا طرفدار نہ ہوگا۔ اعمال کام آئیں گے، عمال نہیں، مال نہیں۔ کوئی ذات نہ پوچھے گا، کوئی اوقات نہ پوچھے گا۔ حساب کتاب ہوگا، الکتاب کے مطابق ہوگا۔عمر کیسے بسر کی؟ علم کا استعمال کیسے کیا؟ مال کہاں کہاں سے کمایا؟ کہاں کہاں استعمال کیا؟ کیوں کیا؟ جوانی کیسے گزاری؟ دوسروں کی زندگی کیوں نہ سنواری؟ اپنی زندگی کیوں نہ سنواری؟نہ بنے نفس کے پجاری۔ ہوس ہے نری بیماری۔ امت کا فتنہ مال ہے۔ مال کو زوال ہے۔ ہر طرح کے مال کو زوال ہے۔ دنیا سے اپنا بچا کے لے جانا کمال ہے، وگرنہ زندگی ملال ہے۔ قبر میں ہونا جو سوال ہے، جواب اس کا آج تیار کرنا ہے۔ زندگی کی کتاب کا ہر باب آخری ہے۔ فرصت ملی تو ہے، مگر کتنی، معلوم نہیں۔انسان پر ایک وقت ایسا بھی آ چکا ہے جب وہ کوئی قابلِ ذکر شے نہ تھا۔ انسان پر جلد ایک ایسا وقت بھی آنے والا ہے جب وہ کوئی قابلِ ذکر شے نہیں رہے گا۔ بے شک انسان کی اپنی ذات کے اندر انسان کے لئے نشانیاں ہیں۔ نشانیاں چار سو ہیں۔ آرزوئیں بے شمار، خواہشیں بے شمار؛ قطار در قطار، لگاتار۔ ہر عمر کا اپنا خمار۔ کس عمر میں بلاوا آ جائے، معلوم نہیں۔ قبرستان کا مطالعاتی دورہ ضرور کیجیے۔ قبر جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بھی ہو سکتی ہے، جہنم کے گڑھوں میں سے ایک گڑھا بھی۔ اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگیے۔ اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آئیے۔ عذابِ قبر سے پناہ مانگی گئی ہے۔ حشر کے دن سے پناہ مانگی گئی ہے۔ دعائیں یاد کریں۔ سزائیں یاد رکھیں۔ انعامات یاد رکھیں۔ جنت انتظار میں ہے۔ خود کو تیار کریں۔ تیاری مشکل نہیں۔ نصاب موجود ہے۔ رہنمائی موجود ہے۔ درِ توبہ کھلا ہوا ہے۔ خالق اپنے بندے کا انتظار کرتا ہے۔ مالک اپنے بندے سے پیار کرتا ہے۔ آپ بھی مالک سے پیار کیجیے۔ اک الف تیرے درکار، باقی سب مایا ہے۔

Leave a reply