مسیحائی کے لبادے میں بے رحم تجارت اور بے بس عوام

طب کا پیشہ دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کا استعارہ سمجھا جاتا ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے ہاں بعض مفاد پرست عناصر اور دوا ساز اداروں کے گٹھ جوڑ نے اس مقدس شعبے کو ایک بے رحم کاروبار بنا دیا ہے۔ بلاشبہ اس شعبے میں دیانت دار معالجین کی کمی نہیں تاہم مٹھی بھر عناصر کی من مانیوں نے پورے نظامِ صحت کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
آج ایک عام شہری جب کسی موذی مرض سے دوچار ہوتا ہے تو علاج کے ناقابلِ برداشت اخراجات اس کی رہی سہی ہمت بھی توڑ دیتے ہیں۔ دل اور گردوں کے امراض سے لیکر سرطان (کینسر) جیسے جان لیوا مرض تک مریضوں کی مجبوری کا بھرپور فائدہ اٹھایا جاتا ہے۔ کینسر اور دیگر موذی امراض کی زندگی بچانے والی ادویات اور انجکشنز، جن کی اصل لاگت یا متبادل فارمولے عام آدمی کی پہنچ میں ہو سکتے ہیں. مخصوص اجارہ داری کے باعث کئی گنا زائد نرخوں پر فروخت کیے جاتے ہیں۔ ہسپتالوں سے منسلک فارمیسیوں کی اجارہ داری اس قدر بڑھ چکی ہے کہ مریض کو سستی اور معیاری متبادل دوا خریدنے کی آزادی بھی میسر نہیں رہتی۔
اس گٹھ جوڑ کا سب سے تکلیف دہ پہلو بعض معالجین اور دوا ساز کمپنیوں کے درمیان غیر اخلاقی مفادات کا تبادلہ ہے۔ دوا ساز ادارے اپنی مہنگی مصنوعات کی کھپت بڑھانے کے لیے معالجین کو قیمتی تحائف، غیر ملکی دوروں اور دیگر مراعات سے نوازتے ہیں جس کا خمیازہ مریض کو نسخے پر لکھی گئی مہنگی ادویات اور تشخیصی مراکز کے غیر ضروری ٹیسٹوں کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے۔ دوسری طرف، سرکاری ہسپتالوں میں تعینات کئی سینئر معالجین اپنی ڈیوٹی کے اوقات میں سرکاری وارڈز سے غائب رہتے ہیں جہاں غریب مریض گھنٹوں انتظار کی سولی پر لٹکتے رہتے ہیں جبکہ یہی معالجین اپنے نجی کلینکس پر بھاری فیسیں وصول کر کے فوری علاج کی سہولت فراہم کرتے نظر آتے ہیں۔ لاہور ملتان اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک بھر میں مشاورتی فیسوں کا کوئی ضابطہ نہیں اور ہر ڈاکٹر نے اپنی مرضی کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں۔
پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے صحت کے شعبے میں اصلاحات سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن فیلڈ ہسپتالوں کے قیام اور مریضوں کو مفت ادویات کی دہلیز پر فراہمی جیسے اقدامات بلاشبہ قابلِ تحسین ہیں اور عوام کو ریلیف دینے کی ایک سنجیدہ کوشش دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم اس نظام کو حقیقی معنوں میں عوام دوست بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ کو چند انتہائی اہم پہلوؤں پر مزید کڑی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بالخصوص سرکاری ہسپتالوں کے اوقاتِ کار میں سینئر ڈاکٹروں کی لازمی حاضری کو بائیو میٹرک اور جدید مانیٹرنگ کے ذریعے یقینی بنانا ہوگا تاکہ سرکاری تنخواہیں لینے والے معالجین نجی کلینکس کو ترجیح نہ دیں۔ مزید برآں نجی پریکٹس کرنے والے ڈاکٹروں کی مشاورتی فیسوں کا تعین ہسپتالوں کے اندر قائم نجی فارمیسیوں کی اجارہ داری کا خاتمہ اور دوا ساز کمپنیوں کی غیر اخلاقی ترغیبات کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی ناگزیر ہے۔
اب وقت آ گیا ہے کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ ڈریپ (DRAP) پی ایم ڈی سی (PMDC) اور ہیلتھ کیئر کمیشنز بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ کینسر سمیت جان لیوا امراض کی ادویات کی قیمتوں کو سختی سے کنٹرول کیا جائے اور فارمیسیوں کو فارمولے کے مطابق سستی متبادل ادویات فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ مسیحائی کے تقدس کو بحال کر کے غریب عوام کو جینے کا حق دیا جا سکے۔









