اداروں کی ناکامی، عوام کی پریشانی؟

خبر رساں ادارے کی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے جاری ہونے والی اس رپورٹ نے ہر سطح کے اربابِ اقتدار میں نہ صرف تہلکہ مچا دیا ہے بلکہ انہیں ایک طرح سے لرزہ براندام کر کے رکھ دیا ہے۔ رپورٹ میں واشگاف الفاظ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دس برسوں کے دوران غیر ملکی فنڈنگ سے شروع ایک بھی ترقیاتی منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل نہ ہو سکا اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر معمولی تاخیر کے باعث گذشتہ ایک دہائی سے0.25فیصد اضافی کمٹمنٹ چارجز یا سود کی ادائیگیاں کرنا پڑ رہی ہیں،حقا ئق کچھ اس طرح ہیں کہ یہ صورتحال کسی بھی حکومت کی طرف سے گڈ گورننس کے دعوؤں اور پرچار پر پورا نہیں اُتر سکتی ان معاملات کے ذمہ داروں میں اپنے ملکی اور قومی فرائض کی بجا آوری سے عہدہ برآء نہ ہونے کے حوالے سے سوالات کا اُٹھنا فطری امر ہے۔ کہنے کو تو اس عظیم کوتاہی پر ”مٹی پاؤ“ کے مصداق وزیراعظم نے اس حوالے سے ملنے والی رپورٹ پر اظہار ناراضی کر دیا ہے اور سردست اس سلسلے میں خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دے دیئے ہیں۔ وزیراعظم کو پیش کی گئی رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ گذشتہ دس برسوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں ناقابل یقین حد تک تاخیر کی وجوہ میں ایک وجہ یہ بھی ہے کہ منصوبوں کے لئے اراضی کے حصول میں پیش آنے والی رکاوٹیں بھی تھیں اس افسوسناک خبر کے ساتھ ہی آئی این پی کی ایک اور رپورٹ میں وفاقی حکومت کے2024-25ء کے مالیاتی نظام میں آڈیٹر جنرل پاکستان کی طرف سے سنگین خامیوں،بجٹ سے زائد اخراجات اور سرکاری فنڈز کے ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق حکومت نے39ہزار 345 ارب روپے خرچ کئے، مجموعی اخراجات کا 84.31 فیصد قرضوں کی ادائیگی پر صرف ہوا جبکہ سماجی اور ترقیاتی کاموں کیلئے صرف15.69 فیصد رقم بچی، سرکاری ملازمین کے جنرل پراویڈنٹ فنڈ اکاؤنٹس میں جمع رقوم کا ریکارڈ غائب ہونے اور وفاقی کنسولیڈیٹڈ فنڈ سے سات ارب49کروڑ روپے پبلک اکاؤنٹس میں منتقل کئے جانے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ آڈیٹر جنرل کی طرف سے سرکاری فنڈز میں خورد برد اور فرضی ادائیگیوں کے سنگین معاملات تحقیقاتی اداروں کو بھجوانے کی سفارش کی ہے۔
وفاقی حکومت کے بارے میں گڈ گورننس کے حوالے سے زیر تذکرہ رپورٹس کے منظر عام پر آنے کے ساتھ ہی یہ انکشاف بھی اخبارات کی خبروں میں منظر عام پر آیا ہے کہ پنجاب میں عوام کو جان لیوا مہنگائی اور گراں فروشی پر قابو پانے میں ناکامی سمیت، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو عہدوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ پرائس کنٹرول کرنے پر ناکام ہونے کے نتیجے میں مختلف سرکاری محکموں سے تعینات کئے گئے افسروں کو بھی فارغ کر دیا گیا ہے، مجموعی طور پر44افسروں کو اُن کے عہدوں سے ہٹایا گیا،حقیقت کو سادہ الفاظ میں بیان کرنا صحیح ہو گا کہ ضروریاتِ زندگی کی ہوش ربا گرانی ے اب تک جو بھی خاتمے یا کمی کے انتظامات کی روشنی میں دعوے ہوتے رہے تھے وہ رتی بھر بھی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکے اب یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ مفلس و قلاش بھوک سے نڈھال عوام کو زندگی میں جسم اور روح کے رشتے کی بحالی کیلئے اربابِ اختیار کی طرف سے کیا آسانیاں مہیا کی جاتی ہیں۔حقیقت حال تو اس بات کی نشاندہی کرتی معلوم ہوتی ہے کہ ملک میں ہر سطح پر ضروریاتِ زندگی خواہ وہ کھانے پینے کی اشیاء ہوں یا غربت کی اتھاہ گہرائیوں میں زندگی گزارنے والے کروڑوں عوام ہوں ان کے تن ڈھانپنے والے کپڑے ہوں،پاؤں کے غریبانہ جوتے ہوں،کوئی چیز بھی ان کی قوتِ خرید کے اندر نہیں ایسے میں ان کروڑوں لوگوں کو آئے دن بجلی کے پہلے سے گراں نرخوں میں اضافے پہ اضافے کی اطلاع حکومتی سطح پر عام ہو کر سوہانِ روح بن جاتی ہے۔ اب پھر یہ خبر غریبوں پر بجلی بن کر گری ہے کہ بجلی ایک روپے34پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے جبکہ اس طرح کی جب بھی کوئی خبر اخبارات کی زینت بنی تو پوری ہو کر رہی۔اس حوالے سے اسلام آباد سے جاری ہونے والی خبر میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے34پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے اور آئندہ تین ماہ کے لئے فی یونٹ بجلی کتنی مہنگی ہو گی یہ نیپرا تعین کرے گا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ اس فیصلہ کی روشنی میں بجلی صارفین سے23ارب33کروڑ روپے کی وصولی مانگی گئی ہے۔ یقینا یہی وصولی ملک کے کروڑوں محروم طبقے کے فاقہ کشوں سے جبراً وصول کر کے دے۔ پی پی ایز کے ان مالکان کو دی جائے گی جن کی اکثریت اربابِ اقتدار سے تعلق رکھتی ہے۔
٭٭٭٭٭









