
میٹا کی زیرِ ملکیت میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اپنے آئندہ آنے والے یوزر نیم فیچر سے متعلق سیکیورٹی خدشات پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیچر کی تیاری کے دوران جعل سازی اور فراڈ سے بچاؤ کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات پہلے ہی شامل کیے جا چکے ہیں۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق اس وقت صارفین کو صرف اپنی پسند کا یوزر نیم محفوظ (ریزرو) کرنے کی سہولت دی جا رہی ہے، جبکہ اس فیچر کو مرحلہ وار رواں سال کے دوران تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ عوامی شخصیات، فنکاروں، سرکاری اداروں، ویریفائیڈ میٹا اکاؤنٹس اور دیگر نمایاں نام صرف متعلقہ افراد اور اداروں کے لیے مخصوص رکھے جائیں گے تاکہ کسی کی شناخت کی نقل یا دھوکا دہی کے امکانات کم کیے جا سکیں۔
واٹس ایپ کے مطابق نئے فیچر کا مقصد صارفین کی رازداری کو مزید بہتر بنانا ہے۔ اس کے تحت کسی گروپ میں شامل ہونے یا پہلی مرتبہ کسی فرد یا ادارے سے رابطہ کرنے کی صورت میں صارف کا فون نمبر خودکار طور پر دوسرے فریق کو نظر نہیں آئے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کرنے کے لیے دوسرے صارف کے پاس متعلقہ شخص کا درست یوزر نیم ہونا ضروری ہوگا، جس سے غیر ضروری رابطوں اور پرائیویسی سے متعلق خدشات میں بھی کمی آئے گی۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ نے حال ہی میں یوزر نیم فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اس کے ذریعے صارفین فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے، جبکہ سیکیورٹی اور شناخت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات بھی نافذ کیے جائیں گے۔









