ابلیس کا روزنامچہ ا ور حالات حاضرہ

ابلیس کا روزنامچہ ا ور حالات حاضرہ

تحریر:زبیر بسرا

ردی اور لوہے لے لیں کی آواز ہر آدھ گھنٹہ بعد ملک بھر کے شہروں اور دیہاتوں میں سنائی دیتی ہے جو سن کر دیر سے اُٹھنے والوں کو تو جگاتی ہے ہی لیکن ہم جیسے کام چور کالم نگاروں کے کام میں بھی رکاوٹ کا باعث بنتی ہے خصوصاً فجر کی نماز کے بعد صبح کی سیر تواب ہو نہیں سکتی کیونکہ گٹے گوڈے ساتھ نہیں دیتے ایک فوجی ہسپتال کے ڈاکٹر صاحب نے کہا تھا کہ صرف آپ ہی نہیں ہر نکا وڈا کھلاڑی کھونٹی کا سہارا لے کر چلتا ہے تاہم ابھی تک کھونٹی سے تو مبرا ہوں۔ پھیری والا صبح عین اس وقت آتا تھا جب صبح کی چائے کے بعد میں لکھنا شروع کرتا آج جونہی اس کی آواز سنی میں نے اصلی جٹکی آواز میں بڑھک لگائی ایدھر آ اوئے وہ ڈر کر گر پڑا موٹر سائیکل الٹ گیا تھا ردی بکھڑ گئی اچانک میری نظر ایک پرانی کتاب پر پڑی نام تھا ابلیس کا روزنامچہ اس سے پہلے حکایات ابلیس پڑھ چکا تھا۔ میں نے فورا وہ کتاب اٹھائی اور اس کو سو کا نوٹ دے کر کہا یہ مجھے دے دو۔ اس نے فوراً پیسے پکڑے اور چلتا بنا۔
بچپن میں ہم نے بھی شیطانیاں بہت کی تھیں لیکن یہ کچھ الگ قسم کی کتاب تھی اگر چہ پرانی تھی لیکن حالات حاضرہ پر بھی صاد آتی تھی۔قیام پاکستان کے وقت ابلیس نے اپنے چیلوں کے ذریعے فسادات برپا کرا دئیے لاکھوں لوگ شہید ہوئے عورتیں بے آبرو ہوئیں شیر خوار بچے بھی قتل کر دئیے گئے بے سرو سامانی کی حالت میں آنے والے قافلے لٹ گئے۔ بے گھر ہونے والے مہاجرین کو جب اہل وطن نے گلے سے لگا کر ان کے دکھ بانٹنے کی کوشش کی تو اس میں بھی رخنہ اندازی ہوئی اصل حقدار محروم رہ گئے۔ ہر دلعزیز وزیراعظم قائداعظمؒ کے دست ِ راست لیاقت علی خاں ؒ کو شہید کر دیا۔ بھارت کو اکسا کر کشمیر پر قبضہ کرا دیا گیا جو آج تک ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ کشمیر کی آزادی کے لئے مجاہدین نے جنگ شروع کردی تو ابلیس نے افغانستان کو پاکستان پر حملے کی ترغیب دیکر وانا تا گوادر 30 میل علاقہ پر قبضہ کرنے کے لئے پاکستان کے خلاف جنگ شروع کروا دی۔ ان سب رکاوٹوں کے باوجود وطن عزیز ہر آزمائش میں کامیاب ہوتا رہا۔ آج جب پاکستان کا ڈنکا چار دانگ عالم بج رہا ہے تو ابلیس کی وہی ہے چال بے دھنگی جو پہلے تھی وہ اب بھی ہے۔ دہشت گردی کے ذریعے ابلیس کے چیلے وطن میں نہ صرف بدامنی پھیلا رہے ہیں بلکہ معیشت کی ترقی کی راہ میں بھی رکاوٹ ہیں۔ کم عقل اور نااہل سیاستدان لانگ مارچ اور جلسے جلوس پر تلے ہوئے ہیں۔یعنی پرائے تو پرائے اپنے بھی ہیں بیزار – حیرت ہے کہ بعض اسلام کے نام پر سیاست کرنے والی پارٹیاں بھی یہ سمجھ نہیں پا رہیں کہ ”جدا ہو دیں سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی“
باوجود اس کے کہ ابلیس اور اس کے چیلے فیس بک یوٹیوب اور دوسرے میڈیا کے ذریعے شر انگیزی کرتے رہیں۔ وطن عزیز قائم و دائم رہے گا۔ ابلیس تو ازلی دشمن ہے اس کی چالیں ناکام ہوں گی۔ لیکن ہمارے اندورنی دشمن جان لیں کہ قوم متحد ہے ہر گھڑی چوکس افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ابلیس تو وہ بھارت کی فکر کرے جو تقسیم ہونے کو ہے۔ طالبان کی خبر لے جو آپس میں لڑ کر مر رہے ہیں۔ ہم مسلمان ہیں جو آتش کو بھی گلزار بنا دیتے ہیں۔ انشاء اللہ قرض خوری کا جلد خاتمہ ہوگا وطن عزیز کی معشیت بحال ہوگی۔
دنیا بر اُمید قائم

Leave a reply