یہ کیسی شادی تھی۔۔۔۔۔؟

یہ کیسی شادی تھی۔۔۔۔۔؟

تحریر:محمد افضل عاجز

ایک نوجوان ہیں مسٹر پتلو یہ پہلے یا آخری ٹک ٹاکر نہیں ہیں ان کے علاوہ بھی کافی سارے مسٹر گھپلو مسٹر فلاں اور مسٹر فلاں ٹک ٹاکر موجود ہیں ان میں زیادہ تر کم پڑھے لکھے نوجوان ہیں،جو ٹک ٹاک پر اپنی عجیب وغریب حرکات کی وجہ سے مشہور ہیں ہر وہ گفتگو جو آپ اپنے گھر میں بیٹھ کر بھی نہیں کرسکتے یہ لوگ ٹک ٹاک پر پورے زور شور سے کرتے ہیں۔ان لوگوں میں عورت یا مرد کا کوئی فرق نہیں ہے، نوجوان لڑکیاں اور لڑکے ایسی ایسی حرکتیں اور گفتگو کرتے ہیں کہ الامان۔
مزید ظلم یہ ہے کہ یہ جس شہر یا علاقے میں جائیں وہاں کی انتظامیہ انہیں وفاقی وزیر جیسا پروٹوکول دیتی ہے اس پروٹوکول کی بنیادی وجہ صرف یہی ہے کہ ان کے پاس کروڑوں روپے ہیں اور یہ روپے انہیں انتظامیہ کی نظر میں ملک کی اہم شخصیات بنا دیتے ہیں ہمارے عوام دیوانہ وار ان کے آگے پیچھے دوڑتے بھاگتے ہیں جیسے یہ دہلی کے لال قلعے کو فتح کر کے آئے ہیں ابھی گزشتہ روز چکوال کے علاقے میں ایک ٹک ٹاکر کی شادی پر موسیقی کی تقریب ہوئی،جس میں ہزاروں لوگ تھے شادی کی انتظامیہ اور لوگوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی اس کی بنیادی وجہ سنگر پر لٹائے جانے والے ہزاروں کے نوٹ اور ڈالر تھے جنہیں لوٹنے اور چھیننے کیلئے لوگوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی اللہ کا شکر کے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مگر دلچسپ بات یہ ہے کے اس ٹک ٹاکر کی شادی کے اِس فنکشن میں جو کچھ ہوا اُس کا ایک ایک ویڈیو کلپ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لگا دیا اور اس دھینگا مشتی کو دکھانے پر بھی کروڑوں روپے کما لئے اندازہ کیجئے یہ لوگ کس قدر مکار اور چالاک ہیں، کیونکہ یہ جانتے ہیں عوام کو کیسے اُلو بنا کے پیسے کمائے جاسکتے ہیں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ٹک ٹاکر کے ایسے واقعات روزانہ سامنے آتے ہیں۔
ابھی تازہ واقعہ مسٹر پتلو کی شادی پر پیش آیا مسٹر پتلو سیالکوٹ کے ہیں اور خود بتاتے ہیں کہ وہ ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے زیادہ پڑھ لکھ بھی نہ سکے، مگر ٹک ٹاک نے انہیں نہ صرف شہرت دلائی،بلکہ کروڑوں روپے بھی دیئے اب ان کے پاس زندگی میں کام آنے والی ہر دنیاوی نعمت موجود ہے اگر کچھ نہیں ہے تو وہ شعور ہے یہ اب بھی ایک بدزبان اور جاہلانہ گفتگو میں اپنا ثانی نہیں رکھتے اس کی شہرت اور دولت کی وجہ ملک کی بڑی بڑی شخصیات اس کے ساتھ تعلقات کو اپنے لئے اعزاز سمجھتی ہیں،بڑی بڑی فلمی ادکارائیں اُس کے ساتھ ٹک ٹاک پر گفتگو کیلئے باقاعدہ درخواست کرتی رہتی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ معروف ادکاراوں کو بھی یہ ایسے ڈیل کرتا ہے جیسے وہ اس کی ملازم ہوں۔
مسٹر پتلو کی تازہ واردات اس کی شادی کے حوالے سے سامنے آئی اس نے اعلان کیا کہ اس کی شادی پر فیصلہ ہو جائے گا کے شیر کون ہے مطلب یہ تھا کہ ان کی شادی کا ہجوم بتائے گا عوامی مقبولیت کس کی زیادہ ہے شادی کے موقع پر اگر مسٹر پتلو کچھ بھی نہ کرتے تو پھر بھی یہ ایک بڑی تقریب ہوتی،مگر اس نے اعلان کیا کہ قرعہ اندازی کے ذریعے وہ پچاس موٹر سائیکل لوگوں میں تقسیم کریں گے اور ساتھ دیگر انعامات کا بھی اعلان کیا شادی کی تقریب کیلئے اس نے مقامی سٹیڈیم کو بُک کیا دیگر اہم مقامات کی بکنگ علیحدہ ہے۔ یہاں یہ سوال بنتا ہے کے ایک کھیلوں کے سٹیڈیم کو کسی نجی تقریب کے استعمال کیلئے کیسے دے دیا گیا کیا ضلعی انتظامیہ یا دیگر افسر سرکاری جگہوں پر نجی پروگراموں کیلئے اجازت دینے کا اختیار رکھتے ہیں اگر ایسا ہے تو لوگوں کی تعداد کتنی ہونی چاہئے یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے افسوس ضلعی انتظامیہ نے ایسا کچھ نہ دیکھا،بلکہ مقررہ وقت سے بھی گھنٹوں پہلے لوگوں کو داخلے کی اجازت دے دی گئی، مختلف اضلاع سے لوگ ہزاروں روپے خرچ کر کے یہاں پہنچے سب لوگ پتلو کی شادی سے زیادہ وہاں ملنے والے انعامات اور لٹائے جانے ڈالروں کیلئے پہنچے رش اتنا بڑھ گیا کے ہجوم بے قابو ہو گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔یہ واقعہ پیش آنے کی بنیادی وجہ مسٹر پتلو کے اعلانات تھے جس نے لوگوں کے دِلوں میں لالچ پیدا کیا اور وہ وہاں جا پہنچے۔ یہاں سوال یہ ہے کہ مسٹر پتلو نے شادی کے موقع پر یہ سب کچھ کیوں کیا ظاہر ہے اس کی وجہ ایک تو اپنی شہرت کا سکہ بٹھانا اپنے مخالفین کو دکھانا کر وہ کتنے مشہور ہیں لیکن ساتھ ہی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کیلئے زیادہ سے زیادہ ویڈیو بنانا اور ان کے ذریعے لاکھوں ویوز حاصل کرنا،یعنی ہزاروں ڈالر کا حصول تھا اور مسٹر پتلو نے لوگوں کی زندگیوں سے کھیل کریہ ہدف مکمل کیا سوشل میڈیا کے مطابق اس کھیل میں مسٹر پتلو کے ساتھ بڑی شخصیات ہیں جن کے ساتھ مسٹر پتلو کے سوشل میڈیا کے ذریعے زیادہ سے زیادہ دولت کمانے کی پارٹنر شپ ہے اور اس وقت بھی وہ شخصیات مسٹر پتلو کو بچانے کیلئے مدد کر رہے ہیں حکومتی شخصیات اس معاملے میں اور لوگوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے اور سرکاری املاک استعمال کرنے پر خاموش ہے۔ البتہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس واقع کے ذمہ دار مسٹر پتلو کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہارِ کیا ہے مقامی پولیس نے مسٹر پتلو اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مسٹر پتلو نے الزام لگایا ہے کہ اسے سی سی ڈی کے ذریعے مارنے کا پروگرام بن گیا ہے اور ممکن ہے اسے مار دیا جائے یا وہ خودکشی کرلیں، یعنی اس کے بیانات بتا رہے ہیں کے مسٹر پتلو ایک سادہ آدمی بالکل نہیں ہے بلکہ وہ اپنی چالاکی سے خود کو بچانے کیلئے بیان بازی کر رہا ہے حکومت پنجاب کو اس واقع کی مکمل انکوائری کرانا چاہئے اور اگر مسٹر پتلو گناہ گار ہے تو اسے سزا ملنی چاہئے، کیونکہ اگر اسے معاف کردیا گیا تو کل کوئی اور مسٹر پتلو کسی بڑے سانحے کے ساتھ سامنے آئے گا

Leave a reply