بے نظیر انکم سپورٹ پروگرم سے کھلواڑ

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرم سے کھلواڑ

تحریر:میاں اشفاق انجم

وفاقی حکومت18ویں ترمیم کے باعث مالی لحاظ سے اپنے آپ کو کمزور تصور کرتی ہے بتایا گیا ہے این ایف سی ایوارڈ کے مطابق بجٹ کی تقسیم کے بعد وفاقی پر اس وقت سب سے زیادہ بوجھ پنشنرز کا ہے اور اس کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ہے جس کے تحت پاکستان کے چاروں صوبوں کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں امدادی رقوم تقسیم کی جاتی ہیں۔ موجودہ وفاقی حکومت اور اس کی اتحادی پیپلز پارٹی میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر شدید اختلافات عرصے سے چلے آ رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کا موقف تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد اس پروگرام کو صوبوں کو دے دینا چاہئے۔ پیپلز پارٹی اس پروگرام کو وفاق کی علامت قرار دیتی ہے اور وفاق میں رکھنا چاہتی ہے۔ صوبوں کو دینے کی سخت مخالفت ہے اس حوالے سے آئی ایم ایف کے تحفظات سامنے آنے کے باوجود پیپلزپارٹی نے میاں شہباز شریف کا موقف تسلیم نہیں کیا اور نہ وزیر داخلہ کے دلائل مانے ہیں اسلئے وفاقی حکومت کا مالی خسارے کا رونا دھونا جاری ہے۔838 ارب روپے کی ادائیگیاں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کی جا رہی ہیں اس حوالے سے پہلے دن سے آج تک تین ماہ بعد ہونیوالی ادائیگیوں پر تحفظات سامنے آتے رہے ہیں۔ اس وقت پنجاب میں 4.14.6000ملین، سندھ میں 2.33.274 ملین، کے پی کے 1.191.171 ملین، بلوچستان تین لاکھ 42 زار سے چار لاکھ 50 ہزار تک اور گلگت میں 31ہزار سے60 ہزار،اسلام آباد میں 80000 اور آزاد کشمیر میں ایک لاکھ پانچ ہزار اور ٹوٹل تقریباً 9.8ملین افراد کو ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے آغاز سے ہی اس پر سوالات اُٹھنا شروع ہو گئے تھے اس پروگرام کو پیپلزپارٹی کی طرف سے کارکنان کو نوازنے کا ذریعہ قرار دیا گیا اپنے ورکر اور تنظیم کو مالی مدد کی کہانیاں بھی سامنے آئیں۔فرضی فہرستوں کی گونج جب چاروں اطراف سے آنا شروع ہوئی تو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو اتھارٹی بنانے کی منظوری دے دی گئی۔ ہر تین ماہ بعد دی جانے والی امداد کے غریب خاندانوں پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں انہیں اس کا کوئی فائدہ ہوا ہے یا عملاً غریب، بیوہ خواتین کو جواز بنا کر مخصوص ٹولہ لوٹ مار کر رہا ہے۔یہ وہ سوالات ہیں جو کئی ماہ سے اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آ رہے تھے۔ وفاق کی طرف سے اس کا کوئی حوصلہ افزاء جواب نہیں آ رہا تھا جب ارکان اسمبلی کی طرف سے پارلیمنٹ میں سوالات اٹھانے کا سلسلہ شروع ہوا تو وفاقی وزیر سید عمران شاہ نے پارلیمنٹ میں تحریری جواب جمع کرا دیا۔
سید عمران شاہ کے جواب اور انکشافات نے گزشتہ کئی سالوں سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر اٹھنے والے سوالات اور تحفظات کو مزید تقویت دے دی۔ سید عمران شاہ کا جواب ایک بڑے سکینڈل کی صورت میں سامنے آیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے اب تک24ارب سے زائد کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آ چکی ہیں۔ ایک لاکھ40ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کی نشاندہی ہو چکی ہے جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کر رہے تھے اب تک 236 سرکاری ملازمین کے خلاف ایکشن ہو چکا ہے، سکینڈل سامنے آنے پر آٹھ لاکھ سے زائد جعلی ادائیگیوں کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔ 712ملین روپے کی وصولی کی گئی ہے۔سید عمران شاہ کی طرف سے جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا ہے فرضی ناموں سے اس پروگرام کی رقم وصول کرنے والوں کی لمبی فہرست ہے۔سرکاری ملازمین جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حصہ نہیں بن سکتے،ڈیڑھ لاکھ سرکاری ملازمین کی نشاندہی ہو چکی ہے۔ یہ افراد مختلف انداز میں اس پروگرام میں رجسٹرڈ تھے، اتھارٹی میں بڑھتی ہوئی شکایات کے بعد کارروائی کا آغاز ہوا تو سب سے پہلے سرکاری ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ ہوا اور ساتھ ہی جعل سازی کے مرتکب افراد کو گرفت میں لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ایکشن کے بعد 712 ملین روپے اب تک وصول کیے جا چکے ہیں اور ان افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی کا بھی آغاز کیا جا چکا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا وفاقی کابینہ کے 2019ء کے فیصلے کی روشنی میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کرنے والے آٹھ لاکھ سے زائد افراد کو ادائیگیاں روک دی گئی ہیں یہ بھی انکشاف ہوا ہے سرکاری ملازمین نے اپنے نام کی بجائے اپنی اہلیہ یا گھر کی خواتین کے ناموں کو شامل کر رکھا تھا جو مسلسل سالہا سال سے امداد کی رقم وصول کر رہے تھے ایسے افراد کی تعداد چند درجن یا چند سو نہیں ہے ان کی تعداد جو پارلیمنٹ کو بتائی گئی اس کے مطابق ایسے سرکاری ملازمین جو خود یا ان کے گھر والے شریک جرم ہیں۔ 2019-20ء کی سالانہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق ایک لاکھ 40ہزار 488 ہے اگر اس میں گزشتہ سالوں کو شامل کر لیا جائے تو تعداد آٹھ لاکھ سے زائد بنتی ہے۔ پارلیمنٹ کو بتایا گیا ان افراد سے ریکوری کا سلسلہ بھی جاری ہے ان کے خلاف کارروائی بھی ہو رہی ہے۔ دلچسپ بات جو سامنے آئی ہے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سرکاری ملازمین نے ہی بے دردی سے نہیں لوٹا بلکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملازمین بھی اس کا حصہ ہیں۔ 21ملین سے زائد رقم ان سے ریکور کی جا چکی ہے 236 اتھارٹی کے ملازمین گرفت میں آ چکے ہیں، 60لاکھ سے زائد کیسز کے خلاف تحقیقات آخری مرحلے میں ہیں۔ غریبوں کے نام پر کی جانے والی ادائیگیوں پر ہونے والے فراڈ اور اربوں روپے کے سیکنڈل سے اندازہ ہوتا ہے غریبوں کے پروگرام کو بے دردی سے لوٹنے والوں میں سرکاری اور غیر سرکاری برابر کے شریک ہیں وجوہات کیا ہیں اگر مجموعی لحاظ سے جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے غربت اس تیزی سے بڑھ رہی ہے ہر مرد جائز اور ناجائز طریقے سے بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے ہر چیز پر اپنا حق سمجھے لگا ہے، جو بڑا خوفناک ہے۔ وفاق اور صوبوں و امداد کے نام پر پروگرام کو شفاف بنانا چاہئے ورنہ سکینڈل زدہ پروگرام کو ختم کر کے 880ملین روپے بچانا چاہئے

Leave a reply