48 سال سے پانی نہیں پیا، ارب پتی کا انکشاف

دنیا کے معروف ارب پتی سرمایہ کار وارن بفٹ اپنی کاروباری کامیابیوں کے علاوہ اپنی منفرد طرزِ زندگی کے باعث بھی دلچسپی کا مرکز رہتے ہیں۔ ان کی عادات میں ایک غیر معمولی بات یہ ہے کہ وہ مبینہ طور پر گزشتہ 48 برس سے سادہ پانی کے بجائے سافٹ ڈرنکس کو ترجیح دے رہے ہیں۔
ارب پتی سرمایہ کار بل ایک مین نے ایک پوڈکاسٹ میں وارن بفٹ سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا۔ ان کے مطابق ایک ملاقات کے دوران جب بفٹ کو سادہ یا چمکدار پانی پیش کیا گیا تو انہوں نے دونوں سے انکار کرتے ہوئے سافٹ ڈرنک کا انتخاب کیا۔
بل ایک مین نے جب حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا وہ واقعی پانی نہیں پیتے تو وارن بفٹ نے بتایا کہ انہیں تقریباً 48 سال سے پانی پینے کی عادت نہیں رہی۔
وارن بفٹ کا پسندیدہ مشروب چیری کوک ہے اور وہ روزانہ اس کے متعدد گلاس پیتے ہیں۔ ان کی غذائی عادات پر لکھی گئی کتابوں اور سابقہ انٹرویوز کے مطابق وہ روزانہ تقریباً پانچ کین کوکا کولا استعمال کرتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بفٹ ہمیشہ سے کوکا کولا کے شوقین نہیں تھے۔ وہ کئی دہائیوں تک پیپسی پیتے رہے، یہاں تک کہ ان کے بیٹے نے بچپن میں انہیں ’پیپسی وارن‘ کا نام دے رکھا تھا۔
تاہم 1986 میں برکشائر ہیتھ وے کے سالانہ اجلاس کے دوران انہوں نے پیپسی چھوڑ کر چیری کوک کو اپنی پسندیدہ مشروب قرار دیا۔ اس کے بعد چیری کوک ان کی شخصیت سے منسوب ہوگئی۔
وارن بفٹ نے 2015 میں فارچیون میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی روزانہ کی خوراک میں کوکا کولا سے حاصل ہونے والی کیلوریز کا حصہ تقریباً ایک چوتھائی ہوتا ہے۔ ان کے مطابق وہ روزانہ کم از کم 12 اونس کے پانچ گلاس کوکا کولا پیتے ہیں۔
ان کی یہ عادت اگرچہ لوگوں کے لیے حیرت کا باعث ہے، تاہم ماہرین صحت کے مطابق سافٹ ڈرنکس کو پانی کا متبادل بنانا صحت کے لیے مناسب نہیں، کیونکہ جسم کو مناسب مقدار میں پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔









