کرسی پر زیادہ وقت گزارنے والوں کے لیے تشویشناک خبر

0
22
کرسی پر زیادہ وقت گزارنے والوں کے لیے تشویشناک خبر

گلاسگو: روزمرہ زندگی میں طویل وقت تک بیٹھے رہنے کی عادت صحت کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ ایک نئی تحقیق میں ایسے افراد میں کینسر سے موت کے خطرے میں اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے جو زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں اور دورانِ بیٹھنا جسمانی حرکت بہت کم کرتے ہیں۔
اسکاٹ لینڈ کی گلاسگو یونیورسٹی کے محققین نے اس تحقیق کے لیے 91 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ یہ معلومات یوکے بائیو بینک سے حاصل کی گئی تھیں، جہاں شرکا کی جسمانی سرگرمیوں کو ایکٹیویٹی مانیٹر کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محققین نے شرکا کی صحت کا اوسطاً 12 سال سے زائد عرصے تک جائزہ لیا اور انہیں ان کے بیٹھنے کے دورانیے اور جسمانی سرگرمی کی سطح کے مطابق مختلف گروپس میں تقسیم کیا۔
نتائج کے مطابق جو افراد طویل عرصے تک بیٹھے رہتے تھے اور اس دوران بہت کم حرکت کرتے تھے، ان میں مختلف اقسام کے کینسر سے موت کا خطرہ نسبتاً زیادہ دیکھا گیا۔ موٹاپے سے وابستہ بعض کینسرز، جن میں جگر، گردے، لبلبے، آنتوں، غذائی نالی، بریسٹ اور تھائیرائیڈ کینسر شامل ہیں، بھی اس حوالے سے نمایاں رہے۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ بیٹھنے کے دوران وقفے وقفے سے کھڑے ہونا یا ہلکی جسمانی سرگرمی کرنا ممکنہ طور پر کینسر سے موت کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق صحت کے لیے صرف باقاعدہ ورزش ہی نہیں بلکہ دن بھر معمولی جسمانی حرکت بھی اہم ہے۔ بیٹھنے کے طویل دورانیے کو مختصر کرنے کے لیے کچھ دیر بعد اٹھ کر چلنا، کھڑے ہونا یا معمولی جسمانی کام کرنا مفید ہو سکتا ہے۔
تاہم محققین نے واضح کیا کہ اس تحقیق سے بیٹھنے اور کینسر سے موت کے درمیان براہِ راست سبب اور نتیجے کا تعلق ثابت نہیں ہوتا، اس لیے نتائج کو احتیاط کے ساتھ سمجھنے کی ضرورت ہے۔
تحقیق کے نتائج طبی جریدے PLOS Medicine میں شائع کیے گئے۔

Leave a reply