
دل کی شریانوں کی انجیوگرافی کے دوران موسیقی سننا مریضوں کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ ایک طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اس عمل سے مریضوں کے ذہنی دباؤ، بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن اور درد کی شدت میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
طبی جریدے ’ہارٹ‘ میں آن لائن شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق انجیوگرافی سے پہلے اور دوران موسیقی سننے والے مریضوں کا سسٹولک بلڈ پریشر دیگر مریضوں کے مقابلے میں کم ریکارڈ کیا گیا۔
تحقیق میں دل کی دھڑکن اور ٹروپونن نامی پروٹین کی سطح میں بھی کمی دیکھی گئی۔ ٹروپونن ایک ایسا پروٹین ہے جس کی مقدار بڑھنے سے دل کے پٹھوں کو پہنچنے والے نقصان کا پتا چلانے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ موسیقی سننے والے مریضوں نے درد کی شدت بھی نسبتاً کم محسوس کی۔
محققین کا کہنا ہے کہ موسیقی کو انجیوگرافی کے دوران معاون طریقہ علاج کے طور پر استعمال کرنے سے مریضوں کی بے چینی اور تکلیف کم کی جاسکتی ہے۔ ان کے مطابق اس طریقے کو طبی مراکز میں اختیار کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ موسیقی پر مبنی تھراپی پہلے ہی کینسر کے علاج، ریڈیوتھراپی اور ذہنی صحت سمیت طب کے مختلف شعبوں میں استعمال کی جارہی ہے، تاہم دل کے مریضوں میں اس کے اثرات اور طویل مدتی فوائد جاننے کے لیے مزید سائنسی تحقیق ضروری ہے۔
انجیوگرافی ایک طبی طریقہ کار ہے جس کے ذریعے دل کو خون فراہم کرنے والی شریانوں کی حالت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس عمل میں کیتھیٹر نامی باریک اور لچک دار نلکی خون کی نالی کے ذریعے دل کی شریانوں تک پہنچائی جاتی ہے۔ بعد ازاں کنٹراسٹ ڈائی داخل کرکے ایکس رے کی مدد سے شریانوں میں خون کی روانی اور ممکنہ رکاوٹوں کا معائنہ کیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق انجیوگرافی کے دوران بعض مریضوں کو ذہنی بے چینی، خوف اور جسمانی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کی مجموعی طبی کیفیت متاثر ہوسکتی ہے۔ ایسے میں موسیقی کا استعمال مریضوں کو سکون فراہم کرنے کا ایک سادہ اور معاون ذریعہ بن سکتا ہے۔









