
وفاقی وزیر مصدق ملک نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک، بشمول بھارت، کو مکالمے، ثقافتی روابط اور مشترکہ تعاون کے فروغ کی دعوت دے دی۔
نئی دہلی میں ایس سی او کے تہذیبی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ حقیقی مکالمہ مختلف نظریات، ثقافتوں اور نقطہ نظر کے درمیان ہوتا ہے۔ اختلافِ رائے ہی بات چیت کو بامقصد بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تاریخی اور تہذیبی تعلقات فارس، عرب، بخارا اور سمرقند سمیت خطے کے مختلف علاقوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ ان روابط سے استفادہ کرتے ہوئے علاقائی تعاون اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے ایس سی او کے تحت مشترکہ نیٹ ورک اور ڈیجیٹل لائبریری قائم کرنے کی تجاویز بھی پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی رکن ممالک کو مل کر اقدامات کرنے چاہئیں۔
مصدق ملک نے اجلاس میں اردو زبان میں اظہارِ خیال کیا اور اپنے خطاب کے دوران اردو ادب کے عظیم شعرا مرزا غالب اور علامہ محمد اقبال کا حوالہ بھی دیا۔









