پاکستانی شہری اب موبائل فون پر ڈیجیٹل شناختی کارڈ رکھ سکیں گے

0
11
پاکستانی شہری اب موبائل فون پر ڈیجیٹل شناختی کارڈ رکھ سکیں گے

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے شناختی خدمات کو مزید ڈیجیٹل بنانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے موبائل فون پر ڈیجیٹل شناختی کارڈ رکھنے کی سہولت متعارف کرادی ہے۔

نادرا کے مطابق پاکستانی شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اپنی ڈیجیٹل شناخت حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے صارف کو ایپ میں اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے لاگ اِن کرنا ہوگا، جس کے بعد دستیاب ڈیجیٹل آئی ڈی کے آپشن کا انتخاب کیا جاسکے گا۔

درخواست پر کارروائی صارف کے پہلے سے تصدیق شدہ پروفائل کی بنیاد پر کی جائے گی۔ عمل مکمل ہونے کے بعد ڈیجیٹل شناخت ایپ کے اندر موجود آئی ڈی والٹ میں محفوظ ہوجائے گی۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ ڈیجیٹل آئی ڈی کے اجرا کے لیے شناخت کی تصدیق اور بائیومیٹرک ویری فکیشن ضروری ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ہر موقع پر پلاسٹک شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کی ضرورت کم کرنا اور موبائل فون کے ذریعے شناخت ثابت کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

پاک آئی ڈی ایپ میں ڈیجیٹل شناخت سے متعلق مزید سہولیات بھی شامل کی جارہی ہیں۔ ان میں خاندان کے بعض افراد کی ڈیجیٹل شناخت سے متعلق فیچرز، دستاویزات کی تصدیق کے لیے کیو آر کوڈ اسکیننگ اور حج و عمرہ سے متعلق بعض بائیومیٹرک سہولیات شامل ہیں۔

تاہم ڈیجیٹل شناختی کارڈ کو ہر ادارے میں استعمال کرنے کی اجازت یکساں نہیں ہوگی۔ بینک، تعلیمی ادارے یا دیگر سرکاری و نجی خدمات میں اس کی قبولیت متعلقہ ادارے کے اپنے قواعد اور تقاضوں سے مشروط ہوگی۔

Leave a reply