
نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمہ فورم میں پاکستان کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو متفقہ طور پر حتمی سفارشات میں شامل کر لیا گیا۔
فورم کے اختتامی اجلاس میں بھارتی سیکریٹری ثقافت نے سفارشات کا خلاصہ پیش کیا، جس میں ثقافتی روابط، تحقیقی تعاون اور تاریخی ورثے کے تحفظ سے متعلق پاکستان کی تجاویز بھی شامل تھیں۔
منظور شدہ سفارشات کے تحت ایس سی او کے رکن ممالک کے ثقافتی اداروں کے درمیان روابط بڑھانے، تحقیقی مراکز کے مابین تعاون کو فروغ دینے اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے ثقافتی اداروں اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجویز بھی سفارشات کا حصہ بنائی گئی۔
فورم میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث تاریخی مقامات اور تہذیبی ورثے کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
اس کے علاوہ تاریخی نوادرات کی غیر قانونی خرید و فروخت اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کی تجویز کو بھی منظور کیا گیا۔
ان سفارشات کے ذریعے ایس سی او ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں، تحقیقی سرگرمیوں اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے شعبوں میں مستقبل کے تعاون کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی راہ ہموار ہوگی۔








