ترکیہ میں اچانک دریا کا پانی خون کی طرح سرخ ہوگیا، حقیقت سامنے آتے ہی تہلکہ مچ گیا!

0
0
ترکیہ میں اچانک دریا کا پانی خون کی طرح سرخ ہوگیا، حقیقت سامنے آتے ہی تہلکہ مچ گیا!

رِیزہ: ترکیہ کے صوبے رِیزہ میں دریائے دیغیرمندرے کا پانی اچانک گہرے سرخ رنگ میں تبدیل ہوگیا، جس پر مقامی شہریوں میں تشویش پھیل گئی۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کردیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دریا کے پانی کا رنگ تبدیل ہونے کا واقعہ ترکیہ کے شہر رِیزہ میں پیش آیا۔ یہ دریا شہر کے مرکزی علاقوں سے گزرتا ہے اور آگے چل کر بحیرہ اسود میں شامل ہوجاتا ہے۔

پانی کی غیر معمولی رنگت دیکھ کر مقامی افراد نے انتظامیہ کو اطلاع دی، جس کے بعد میونسپل حکام اور محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے متاثرہ مقام کا دورہ کیا۔

ابتدائی تحقیقات میں دریا کے قریب واقع ایک نجی چائے کی فیکٹری سے غیر معیاری طریقے سے فضلہ خارج کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا۔ حکام کے مطابق فیکٹری کے اطراف معائنے کے دوران آلودگی کے ممکنہ ذریعے کی نشاندہی کی گئی۔

تحقیقات کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال کی گئی، جبکہ ماحولیاتی ماہرین اور انجینئرز نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ حکام نے متعلقہ فیکٹری کے خلاف ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

دوسری جانب دریا کے پانی کے نمونے حاصل کرکے مستند لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ پانی میں شامل کیمیائی یا دیگر مادوں کی شناخت اور آلودگی کی اصل نوعیت کا تعین کیا جاسکے۔

گورنر آفس کے مطابق لیبارٹری رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ماہرین کی جانب سے حتمی تجزیے سے قبل پانی کے سرخ ہونے کی درست وجہ اور اس کے ماحولیاتی اثرات کے بارے میں کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔

فی الحال تحقیقات کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ فیکٹری سے خارج ہونے والے مادوں میں کون سے اجزا شامل تھے اور آیا ان سے دریا کے آبی حیات اور اردگرد کے ماحول کو کوئی نقصان پہنچا ہے۔

Leave a reply