
میٹا کی زیرِ ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے یوزر نیم (Username) فیچر کو مرحلہ وار متعارف کرانا شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت محدود تعداد میں صارفین کو فراہم کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے وہ اپنا فون نمبر ظاہر کیے بغیر نئے افراد سے رابطہ قائم کر سکیں گے۔
اگرچہ اکاؤنٹ بنانے اور استعمال کرنے کے لیے فون نمبر بدستور لازمی ہوگا، تاہم یوزر نیم کی مدد سے صارفین اپنی ذاتی معلومات کو زیادہ محفوظ رکھ سکیں گے اور نئے رابطوں کے ساتھ صرف اپنا منتخب کردہ یوزر نیم شیئر کر سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیچر پہلے بیٹا صارفین کے لیے دستیاب تھا، لیکن اب کچھ عام صارفین کو بھی اس تک رسائی مل رہی ہے۔ جن صارفین کے لیے یہ فیچر فعال ہو چکا ہے، انہیں واٹس ایپ کی ہوم اسکرین پر ایک نوٹیفکیشن یا بینر کے ذریعے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق یوزر نیم رکھنا لازمی نہیں ہوگا۔ صارفین چاہیں تو صرف فون نمبر کے ذریعے اکاؤنٹ استعمال کرتے رہیں یا فون نمبر کے ساتھ یوزر نیم بھی منتخب کر سکتے ہیں۔
کمپنی نے یہ بھی بتایا ہے کہ اگر آپ کے کسی موجودہ رابطے نے اپنا یوزر نیم بنایا یا تبدیل کیا تو اس بارے میں آپ کو سسٹم نوٹیفکیشن موصول ہوگا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ایک صارف اپنا یوزر نیم کتنی مرتبہ تبدیل کر سکے گا، تاہم کمپنی نے اشارہ دیا ہے کہ اس پر کچھ حدود لاگو ہوں گی۔
مزید یہ کہ صارفین کو اپنے فیس بک یا انسٹاگرام کا موجودہ یوزر نیم واٹس ایپ پر استعمال کرنے کا اختیار بھی مل سکتا ہے، بشرطیکہ وہ دستیاب ہو اور مقررہ شرائط پر پورا اترتا ہو۔
واٹس ایپ کے قواعد کے مطابق ہر یوزر نیم کم از کم 3 اور زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہونا چاہیے۔
کمپنی کی جانب سے اس فیچر کو مرحلہ وار جاری کیا جا رہا ہے، اس لیے توقع ہے کہ آئندہ ہفتوں میں یہ تمام صارفین کے لیے دستیاب ہو جائے گا۔









