وائی فائی 8 کی تیاری جاری، رفتار سے زیادہ مستحکم کنکشن پر توجہ

0
0
وائی فائی 8 کی تیاری جاری، رفتار سے زیادہ مستحکم کنکشن پر توجہ

وائرلیس انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے اگلے مرحلے، وائی فائی 8، کی تیاری پر کام جاری ہے، حالانکہ وائی فائی 7 ابھی تک دنیا بھر میں مکمل طور پر عام نہیں ہو سکا۔ ماہرین کے مطابق نئی نسل کے اس معیار کا بنیادی مقصد رفتار بڑھانے کے بجائے کنکشن کی پائیداری اور قابلِ اعتماد کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق وائی فائی 8، جسے تکنیکی طور پر 802.11bn بھی کہا جاتا ہے، نظریاتی طور پر تقریباً 46 گیگا بٹس فی سیکنڈ تک کی رفتار فراہم کر سکے گا، جو وائی فائی 7 کے مساوی ہے۔ تاہم اس نئی ٹیکنالوجی کی اصل توجہ حقیقی استعمال کے دوران بہتر کارکردگی اور زیادہ مستحکم نیٹ ورک فراہم کرنے پر ہوگی۔

وائی فائی 8 میں بھی 2.4، 5 اور 6 گیگا ہرٹز فریکوئنسی بینڈز استعمال کیے جائیں گے، لیکن اس میں کمزور سگنل والے علاقوں میں بہتر رابطہ برقرار رکھنے اور زیادہ تعداد میں منسلک ڈیوائسز کے باوجود نیٹ ورک کی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے نئی بہتریاں شامل کی جائیں گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس معیار سے آن لائن گیمنگ، ویڈیو اسٹریمنگ اور دیگر انٹرنیٹ سرگرمیوں کے دوران کنکشن میں رکاوٹوں اور تاخیر کے امکانات کم ہوں گے۔ اس کے علاوہ ایسے مقامات جہاں بڑی تعداد میں ڈیوائسز ایک ہی وقت میں وائی فائی استعمال کرتی ہیں، وہاں بھی نیٹ ورک زیادہ مؤثر انداز میں کام کر سکے گا۔

نئے معیار کے ذریعے ڈیڈ زونز یعنی کمزور یا غائب وائی فائی سگنل والے علاقوں کی کوریج بہتر بنانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے صارفین کو زیادہ یکساں اور مستحکم انٹرنیٹ تجربہ ملنے کی توقع ہے۔

صنعتی ذرائع کے مطابق وائی فائی 8 کے حتمی تکنیکی معیار کی منظوری 2027 تک متوقع ہے، جبکہ اس ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات 2028 کے دوران مارکیٹ میں آنا شروع ہو سکتی ہیں۔

Leave a reply