
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور بعض مقامات پر اربن فلڈنگ کے خدشے سے آگاہ کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع اور سندھ کے علاقے تھرپارکر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حالیہ بارشوں کے باعث ہری پور، خانپور اور غازی کے بعض علاقوں میں ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہوئے، جبکہ چند رابطہ سڑکوں پر آمد و رفت میں بھی مشکلات پیش آئیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں شدید بارش یا سیلابی کیفیت کا امکان ہو۔









