اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

0
9
اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: ایران کے صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ان کا خصوصی طیارہ اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر اترا جہاں پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ایئر بیس پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی صدر کا خیرمقدم کیا۔

ایرانی صدر جس طیارے کے ذریعے پاکستان پہنچے، اس کا نام “میناب” رکھا گیا ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق یہ نام ایران میں ایک اسکول پر حملے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی یاد میں رکھا گیا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ صدر پزشکیان کے دورۂ پاکستان کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں پاکستان کی سفارتی کوششوں اور ثالثی کے کردار پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔

دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

Leave a reply