
بالی ووڈ اداکارہ سلینا جیٹلی نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی ویڈیو اور تفصیلی پیغام شیئر کرتے ہوئے اپنی نجی زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کی ہے۔ ان کی پوسٹ نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو افسردہ کر دیا۔
اداکارہ نے آسٹریا میں اپنے مرحوم بیٹے شمشیر کی قبر پر حاضری کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ قبر کی صفائی کرتی اور آبدیدہ دکھائی دیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو شیئر کرنا ان کے لیے آسان نہیں تھا، لیکن وہ ایک ماں کے طور پر اپنی ذہنی اور جذباتی کیفیت دنیا کے سامنے رکھنا چاہتی تھیں۔
سیلینا جیٹلی نے بتایا کہ وہ حالیہ ہفتوں میں آسٹریا میں طلاق سے متعلق عدالتی کارروائی کے سلسلے میں موجود تھیں۔ ان کے مطابق، عدالتی احکامات کے باوجود انہیں اپنے بچوں سے ملنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور ان کا بچوں سے رابطہ محدود ہو چکا ہے۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے بچوں کو ان سے دور رکھا جا رہا ہے اور اس صورتحال نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے بچوں کی بہتر زندگی اور خاندان کے استحکام کے لیے مختلف ممالک میں رہتی اور سفر کرتی رہیں۔
اپنے بیان میں سیلینا نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ بچوں کی بھلائی کو ترجیح دی اور باہمی رضامندی سے معاملات حل کرنے کی کوشش کی، تاہم حالات مزید پیچیدہ ہوتے گئے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ شادی کی پندرہویں سالگرہ کے روز انہیں طلاق کا نوٹس موصول ہوا۔
اداکارہ کے مطابق، موجودہ صورتحال ان کے لیے نہایت تکلیف دہ ہے اور وہ اپنے مرحوم بیٹے کی یادوں میں سکون تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
تاحال اس معاملے پر ان کے شوہر کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔









