
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود معاملات کے جلد خوش اسلوبی سے حل ہونے کی امید ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے خطے کی مجموعی صورتحال، جنوبی ایشیا میں امن، بھارت کے رویے اور بیرون ملک پاکستانیوں سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام نہایت اہم ہے، جبکہ خطے کی موجودہ صورتحال پر تشویش بھی پائی جاتی ہے۔
بھارت کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ اشتعال انگیز بیانات کو عالمی سطح پر پسند نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کیلئے تیار ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ صومالیہ میں قزاقوں کے قبضے میں موجود ایک جہاز میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں، جن کی محفوظ واپسی کیلئے پاکستانی حکام اقدامات کر رہے ہیں اور ایک ٹیم جلد صومالیہ روانہ ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمبوڈیا سے 49 پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں، جبکہ یوگنڈا میں زیرحراست 85 پاکستانیوں کو بھی پاکستان منتقل کردیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے کی صورتحال اور بھارت کی عسکری سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔









