فیفا نے پانی کی بوتلوں سے متعلق پابندی میں نرمی کر دی

0
34
فیفا نے پانی کی بوتلوں سے متعلق پابندی میں نرمی کر دی

ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے فیفا نے اسٹیڈیمز میں پانی کی بوتلیں لے جانے پر عائد اپنی ابتدائی پابندی میں تبدیلی کرتے ہوئے نیا ضابطہ جاری کر دیا ہے۔

چند روز قبل تنظیم نے اعلان کیا تھا کہ تماشائی اسٹیڈیم کے اندر کسی بھی قسم کی پلاسٹک یا دوبارہ استعمال ہونے والی بوتل نہیں لا سکیں گے۔ اس فیصلے پر سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا، جس کے بعد فیفا کو اپنی پالیسی پر نظرِ ثانی کرنا پڑی۔

نئی ہدایات کے مطابق اب شائقین ایک محدود مقدار میں پانی کی بند اور نرم پلاسٹک بوتل ساتھ لا سکیں گے۔ اجازت صرف فیکٹری سیل شدہ، ڈسپوزایبل بوتل تک ہوگی، جس کی زیادہ سے زیادہ مقدار تقریباً 590 ملی لیٹر (20 اونس) مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سخت میٹل یا دوبارہ بھرنے والی بوتلوں کو اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

فیفا کے مطابق اس فیصلے کا مقصد سیکیورٹی خدشات کو کم کرنا ہے، کیونکہ ماضی میں کچھ مواقع پر تماشائیوں کی جانب سے اشیا میدان میں پھینکنے کے واقعات سامنے آئے تھے۔

تنظیم نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں ہونے والے میچز کے دوران اس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

گرمی کے ممکنہ اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیڈیمز کے باہر پانی کے اسٹیشنز، ٹھنڈے آرام گاہیں، پنکھوں اور پانی کے اسپرے والے انتظامات بھی کیے جائیں گے تاکہ شائقین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 12 جون سے ہوگا، جبکہ افتتاحی میچ میزبان ملک میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

Leave a reply