شدید گرمی میں اسمارٹ فونز کو نقصان سے بچانے کے اہم طریقے

0
0
شدید گرمی میں اسمارٹ فونز کو نقصان سے بچانے کے اہم طریقے

شدید گرمی کی لہر کے ساتھ جہاں انسان مشکلات کا شکار ہیں، وہیں اسمارٹ فونز بھی بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث متاثر ہو رہے ہیں۔ مختلف رپورٹس کے مطابق زیادہ گرمی موبائل فون کی کارکردگی کو کم کر سکتی ہے اور بیٹری سمیت اندرونی پرزوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فونز عام طور پر 0 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں۔ جب درجہ حرارت اس حد سے بڑھ جائے، خاص طور پر براہِ راست دھوپ میں، تو فون تیزی سے گرم ہونے لگتا ہے جس سے بیٹری کی صحت متاثر ہوتی ہے، رفتار سست ہو سکتی ہے اور بعض صورتوں میں مستقل نقصان بھی ممکن ہے۔

فون کے زیادہ گرم ہونے پر اکثر اسکرین پر انتباہ ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیوائس ٹھنڈی کی جائے۔ ایسی صورتحال میں فوراً فون کا استعمال روک دینا بہتر سمجھا جاتا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

گرمی میں فون کو محفوظ رکھنے کے آسان طریقے

شدید موسم میں موبائل فون کو محفوظ رکھنے کے لیے چند احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہیں:

اگر گاڑی دھوپ میں کھڑی ہو تو فون کو اندر نہ چھوڑیں، کیونکہ بند گاڑی کا درجہ حرارت بہت جلد خطرناک حد تک بڑھ جاتا ہے اور فون کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

کمزور نیٹ ورک سگنل کی صورت میں فون پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، اس لیے ایسے حالات میں ایئرپلین موڈ استعمال کرنا بہتر ہے تاکہ بیٹری کا غیر ضروری استعمال کم ہو سکے۔

گرم فون کو کبھی چارج نہ کریں کیونکہ اس سے بیٹری پر اضافی دباؤ پڑتا ہے۔ بہتر ہے پہلے فون کو ٹھنڈا ہونے دیا جائے، پھر چارجنگ کی جائے۔

گرمی میں نیویگیشن استعمال کرتے وقت فون کو براہِ راست دھوپ میں ڈیش بورڈ پر رکھنے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے درجہ حرارت مزید بڑھ جاتا ہے۔

باہر نکلتے وقت بیٹری سیونگ موڈ کا استعمال فون کی توانائی کی کھپت کم کرتا ہے اور حرارت بڑھنے سے روکتا ہے۔

فون کو دھوپ سے بچا کر سایہ دار جگہ پر رکھنا چاہیے اور ہلکے رنگ کے کور کا استعمال بھی بہتر رہتا ہے کیونکہ گہرے رنگ زیادہ گرمی جذب کرتے ہیں۔

اسی طرح غیر ضروری ایپس کو بند رکھنے سے فون پر بوجھ کم ہوتا ہے اور یہ زیادہ گرم نہیں ہوتا۔

احتیاطی ہدایات

اگر فون زیادہ گرم ہو جائے تو اسے فوراً بند کر کے ٹھنڈی جگہ پر رکھنا چاہیے۔ ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ فون کو فوراً فریج یا فریزر میں رکھنا نقصان دہ ہو سکتا ہے کیونکہ اچانک درجہ حرارت کی تبدیلی سے اندرونی نمی پیدا ہو کر سرکٹ خراب کر سکتی ہے۔

بہترین طریقہ یہ ہے کہ فون کو بند کر کے اسے پنکھے یا ٹھنڈی ہوا میں رکھا جائے اور اسے قدرتی طور پر ٹھنڈا ہونے دیا جائے۔

ماہرین کے مطابق معمولی احتیاطیں اپنانے سے نہ صرف فون کو گرمی کے اثرات سے بچایا جا سکتا ہے بلکہ اس کی کارکردگی اور بیٹری کی عمر بھی نمایاں طور پر بہتر رکھی جا سکتی ہے۔

Leave a reply