ترکیہ نے پاکستان اور سعودی عرب کیساتھ دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی

انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے سرکاری گزٹ میں جمعے کے روز صدارتی منظوری شائع ہونے کے بعد معاہدے پر عمل درآمد کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ترک پارلیمنٹ نے 5 نومبر کو اس معاہدے کی منظوری دی تھی، جبکہ صدر اردوان کی توثیق اس قانونی عمل کا آخری مرحلہ تھی۔
معاہدے کی اہم شق کے تحت کسی ایک رکن ملک پر حملے کو تینوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس انتظام کا بنیادی مقصد مشترکہ دفاع، عسکری تعاون اور علاقائی سلامتی کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان یہ معاہدہ اگست 2026 میں مکہ مکرمہ میں طے پایا تھا۔ اس پیش رفت کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورت حال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دفاعی معاہدے کی تکمیل سے ترکیہ کی جانب سے سعودی عرب کو ممکنہ فوجی معاونت فراہم کرنے کا راستہ بھی کھل سکتا ہے۔ تاہم سعودی عرب میں ترک فوجی دستوں کی تعیناتی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
رائٹرز کے مطابق ترک حکمران جماعت کے ایک رکن پارلیمنٹ نے گزشتہ ماہ اشارہ دیا تھا کہ سعودی عرب میں ترک فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی اجازت کے لیے پارلیمنٹ میں علیحدہ قرارداد پیش کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے تینوں ممالک کے حکام کا دو روزہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، جو 28 نومبر تک جاری رہے گا۔ اجلاس میں دفاعی معاہدے پر عمل درآمد اور باہمی عسکری تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔









