سعودی عرب پر حوثی حملے ناقابلِ قبول، پاکستان کا ریاض کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

0
1
سعودی عرب پر حوثی حملے ناقابلِ قبول، پاکستان کا ریاض کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی سرزمین پر حملے فوری طور پر بند کیے جائیں۔ انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض اور ابہا کے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حملوں میں سعودی شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے سعودی مسلح افواج کی دفاعی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں روکنے کے اقدامات سے شہریوں کی جانیں بچانے میں مدد ملی۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ سعودی عرب کو اپنے شہریوں، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلیے اپنی حمایت جاری رکھےگا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے عزم پرقائم ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون اور یکجہتی برقرار رہے گی اور پاکستان سعودی ریاست کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھیگا۔

Leave a reply