سعودی عرب پر حملے پاکستان کے لیے باعثِ تشویش ہیں، دفتر خارجہ

0
7
سعودی عرب پر حملے پاکستان کے لیے باعثِ تشویش ہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر ہونے والے حملے پاکستان کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون جاری ہے اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی معاہدے کے تحت آئندہ عملی اقدامات کا فیصلہ متعلقہ حکام کریں گے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے فوجی دستے سعودی عرب میں موجود ہیں، جبکہ دفاعی معاہدے کے سیکریٹری جنرل کی تعیناتی بھی عمل میں آ چکی ہے۔ ان کے مطابق معاہدے کے فعال ہونے کے بعد آپریشنل معاملات سے متعلق فیصلے متعلقہ حکام کریں گے۔

پاک امریکا ایران کشیدگی میں پاکستان کا کردار قابلِ ستائش قرار

سجاد حیدر خان نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے تناظر میں پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے، جسے غیر ملکی شخصیات اور مہمانوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

افغانستان میں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کی موجودگی پر تحفظات

افغانستان کی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے دیے گئے الزامات کو مسترد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی افغانستان میں پناہ گاہیں موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں، جبکہ ملک میں امن و امان اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

آزاد کشمیر میں حکومت سازی مکمل

آزاد کشمیر کی سیاسی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے سجاد حیدر خان نے بتایا کہ انتخابات کے بعد وہاں حکومت سازی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

Leave a reply