
اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے سعودی عرب پر ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے 17 مئی 2026 کو سعودی عرب پر کیے گئے ڈرون حملوں کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسے حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں اور مملکت کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب سعودی وزارت دفاع کے مطابق عراق کی سمت سے آنے والے 3 ڈرون طیاروں کو سعودی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی تباہ کردیا۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کا مقصد سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کو نشانہ بنانا تھا، تاہم کسی بھی ممکنہ نقصان سے پہلے خطرے کو ناکام بنا دیا گیا۔
سعودی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ مملکت اپنی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی اور مناسب وقت پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران اس سے قبل بھی سعودی عرب کو ڈرون اور میزائل حملوں کی دھمکیاں درپیش رہی ہیں، جبکہ عراقی حکام مسلسل اس بات کا اعادہ کرتے آئے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی بھی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔








