
جوزف وجے آج بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حلف برداری کی تقریب نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔
وجے کی جماعت تامیلاگا ویٹری کازگام نے ریاستی انتخابات میں 234 میں سے 108 نشستیں حاصل کر کے بڑی سیاسی قوت کے طور پر خود کو منوایا۔ حکومت سازی کے لیے درکار اکثریت اتحادی جماعتوں کی حمایت سے مکمل ہوگئی، جس کے بعد گورنر راجندر وشواناتھ نے وجے کو حکومت بنانے کی دعوت دی۔
رپورٹس کے مطابق کانگریس، سی پی آئی، سی پی ایم، انڈین یونین مسلم لیگ اور وی سی کے پارٹی کے ارکان اسمبلی نے بھی وجے کی حمایت کا اعلان کیا، جس سے اتحادی اتحاد کی مجموعی نشستیں 121 تک پہنچ گئیں۔ گورنر نے نو منتخب وزیراعلیٰ کو 13 مئی تک اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
سابق سپر اسٹار وجے نے 2024 میں فلمی دنیا چھوڑ کر باقاعدہ سیاست میں قدم رکھا تھا، تاہم ان کی سماجی اور سیاسی سرگرمیاں کئی برس قبل شروع ہو چکی تھیں۔ 2009 میں انہوں نے اپنے فین کلبز کو فلاحی سرگرمیوں کے نیٹ ورک میں تبدیل کیا، جبکہ بعد ازاں نوجوانوں کے مسائل، بے روزگاری، امتحانی دباؤ اور بدعنوانی جیسے موضوعات پر بھی کھل کر اظہار خیال کرتے رہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ٹی وی کے کی غیر متوقع کامیابی نے ڈی ایم کے اور اے ڈی ایم کے جیسے روایتی سیاسی دھڑوں کے اثر و رسوخ کو چیلنج کر دیا ہے، جس کے بعد تامل ناڈو کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز متوقع ہے۔









