
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین مؤثر انداز میں برقرار رہی، جبکہ ملکی برآمدات اور ترسیلاتِ زر میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر کا سلسلہ بھی مسلسل بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریے بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
ادھر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مشکل حالات میں تعاون پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی۔









