
جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈہ میں پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے کے بعد پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد مبینہ فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے ڈرون حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پانچ ڈرونز تباہ کر دیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انگوراڈہ کے مقام پر افغان طالبان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں پاک فوج نے بھاری ہتھیاروں سے کارروائی کی اور سرحد کے قریب قائم متعدد فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد افغان طالبان اہلکار اپنی بعض چوکیاں چھوڑ کر چلے گئے۔ واقعے میں جانی نقصان کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم ہلاکتوں کی تعداد کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
ادھر بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور ممکنہ حملہ ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق البت کے علاقے میں قائم چیک پوسٹ کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانچوں ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔









