امریکی حملے کی صورت میں باب المندب بند؟ ایران کا حوثیوں کو مبینہ ہائی الرٹ

0
8
امریکی حملے کی صورت میں باب المندب بند؟ ایران کا حوثیوں کو مبینہ ہائی الرٹ

تہران/صنعاء: بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران نے مبینہ طور پر یمن کے حوثی گروپ کو ہدایت کی ہے کہ اگر امریکا ایرانی توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتا ہے تو باب المندب کی اہم بحری گزرگاہ میں کارروائی کے لیے تیار رہا جائے۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایرانی قیادت نے حالیہ مشاورت کے بعد اپنے اتحادی گروپ کو ممکنہ اقدامات سے متعلق آگاہ کیا ہے۔ تاہم ایران یا حوثیوں کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دباؤ بڑھاتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نئے مذاکرات پر آمادہ نہ ہوا تو اس کے توانائی کے اہم مراکز کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
رائٹرز کے مطابق حوثیوں سے وابستہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بحیرۂ احمر اور باب المندب کے اطراف ممکنہ کارروائیوں کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر میزائل اور ڈرون بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
باب المندب دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے مشرق وسطیٰ، ایشیا اور یورپ کے درمیان تیل اور تجارتی سامان کی بڑی مقدار منتقل ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر اس راستے میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے تو عالمی توانائی کی سپلائی اور بین الاقوامی تجارت متاثر ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز اور باب المندب دونوں راستوں پر بیک وقت دباؤ بڑھتا ہے تو عالمی تیل کی منڈیوں اور شپنگ سیکٹر کو سنگین چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ادھر سعودی ذرائع کے حوالے سے بھی بتایا گیا ہے کہ ریاض اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ایران و حوثیوں کے درمیان رابطوں کو اہمیت دے رہا ہے۔
یاد رہے کہ حوثی گروپ کو ایران کے علاقائی اتحادیوں میں شمار کیا جاتا ہے، تاہم موجودہ کشیدگی کے دوران اس گروپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع میں باضابطہ طور پر براہ راست شمولیت کا اعلان نہیں کیا ہے۔

Leave a reply