اسلام آباد میں ایچ آئی وی کیسز میں تشویشناک اضافہ، سرکاری اعداد و شمار جاری

0
5
اسلام آباد میں ایچ آئی وی کیسز میں تشویشناک اضافہ، سرکاری اعداد و شمار جاری

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایچ آئی وی کے نئے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران 498 کیسز سامنے آئے جبکہ جنوری 2025 سے مارچ 2026 تک مجموعی طور پر 618 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہر میں اوسطاً ہر ماہ 40 سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہو رہے ہیں۔ متاثرین میں اکثریت نوجوان مردوں کی ہے، جو مجموعی کیسز کا تقریباً دو تہائی بنتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی 618 کیسز میں 397 مرد، 106 خواتین، 93 خواجہ سرا اور 22 بچے شامل ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 2026 کی ابتدائی سہ ماہی میں 120 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ عرصے میں جولائی 2025 کے دوران سب سے زیادہ 63 کیسز سامنے آئے، جبکہ جون اور دسمبر میں یہ تعداد نسبتاً کم یعنی 31، 31 رہی۔
ماہرین صحت کے مطابق نوجوانوں خصوصاً مردوں میں منشیات کے استعمال اور اس کے زیر اثر غیر محفوظ رویوں میں اضافہ اس بیماری کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔ آئس اور دیگر نشہ آور اشیاء کے استعمال کو بھی ایک اہم خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ ملک میں ایچ آئی وی کے ممکنہ مریضوں کی مجموعی تعداد کا اندازہ تقریباً ساڑھے تین لاکھ کے قریب لگایا جاتا ہے، جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔

Leave a reply