
بھارتی اداکار سیف علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی 1994 کی سپر ہٹ فلم میں کھلاڑی تو اناڑی دراصل ہالی ووڈ فلم The Hard Way سے متاثر ہو کر بنائی گئی تھی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی نئی فلم کرتویا کی تشہیر کرتے ہوئے سیف علی خان نے بتایا کہ فلم ’میں کھلاڑی تو اناڑی‘ میں انہوں نے ایک اداکار کا کردار نبھایا تھا، جو پولیس افسر کے کردار کو سمجھنے کے لیے ایک اصلی پولیس والے کے ساتھ وقت گزارتا ہے۔ فلم میں ان کے ساتھ اکشے کمار بھی مرکزی کردار میں موجود تھے۔
سیف علی خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ یہ فلم امریکی فلم ’دی ہارڈ وے‘ کی نقل تھی، جسے بغیر باضابطہ حقوق حاصل کیے بنایا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم کے بعد ایک ہدایت کار نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ دوبارہ کبھی پولیس افسر کا کردار ادا نہ کریں، کیونکہ وہ اس کردار کے لیے موزوں نہیں لگتے۔ سیف کے مطابق اس بات نے ان کے ذہن پر گہرا اثر ڈالا اور وہ کافی عرصے تک پولیس افسر کے کردار کرنے سے ہچکچاتے رہے۔
اداکار نے کہا کہ بعد میں جب انہوں نے پولیس افسر کے کردار ادا کیے، حتیٰ کہ مشہور ویب سیریز سیکرڈ گیمز میں سرتاج سنگھ کا کردار نبھاتے ہوئے بھی، انہیں خود پر مکمل اعتماد محسوس نہیں ہوتا تھا۔
سیف علی خان ان دنوں اپنی نئی فلم ’کرتویا‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس فلم کو Red Chillies Entertainment نے پروڈیوس کیا ہے، جبکہ فلم 15 مئی کو Netflix پر ریلیز کی جا رہی ہے۔
فلم میں سیف علی خان ’پون‘ نامی ایک سنجیدہ پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو فرض، انصاف اور ضمیر کی کشمکش میں مبتلا دکھائی دے گا۔ ان کے مطابق اس کردار کے لیے ہریانوی لہجہ سیکھنا ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج تھا۔









