
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں مقامی سطح پر تنازعات کے حل کے لیے پنچایتی نظام متعارف کرانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کے تحت یونین کونسلوں، مواضعات اور دیہات کی سطح پر پنچایت کمیٹیاں قائم کرنے کی تجویز ہے۔
حکومتی منصوبے کے مطابق پنچایت کمیٹیاں متعلقہ فریقین کی رضامندی سے معمولی نوعیت کے تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم اور ثالثی کے ذریعے حل کرائیں گی۔ اس نظام کا بنیادی مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر کم خرچ اور فوری انصاف کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکام نے پنچایتی نظام کے مجوزہ خدوخال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنچایتوں کے اختیارات اور ذمہ داریوں کے تعین کے لیے جامع قواعد و ضوابط تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
مریم نواز نے متعلقہ حکام کو پنچایت پروگرام کے لیے واضح قانونی طریقہ کار مرتب کرنے کا حکم دیتے ہوئے بتایا کہ اس مقصد کے لیے پنجاب پنچایت ایکٹ متعارف کرانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر چھوٹے تنازعات کو بات چیت اور ثالثی کے ذریعے حل کرنے کی روایت کو مؤثر انداز میں بحال کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق عوام کو فیصلہ سازی میں شریک کرنا اور انہیں مقامی مسائل حل کرنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ پنچایتی نظام کے مؤثر نفاذ سے عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ عام شہریوں کو طویل قانونی کارروائی اور اضافی اخراجات سے بھی بچایا جا سکے گا۔
مجوزہ نظام کو عملی شکل دینے کے لیے اب قانونی اور انتظامی معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔









