
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار نے خلیجی ممالک کو جانے والی تاخیر کا شکار برآمدی شپمنٹس کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق کراچی پورٹ ٹرمینلز پر اسٹوریج چارجز میں 25 سے 50 فیصد تک کمی کی جا رہی ہے، جس کا مقصد برآمد کنندگان پر مالی بوجھ کم کرنا اور تجارت کو سہولت دینا ہے۔ یہ رعایت ان شپمنٹس پر بھی لاگو ہوگی جو بندرگاہوں پر رکی ہوئی ہیں۔
اعلان کے تحت مختلف ٹرمینلز پر ریلیف کا شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے۔ کے جی ٹی ایل پر یکم سے 20 مارچ تک اسٹوریج چارجز میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ اسی طرح کے آئی سی ٹی پر یکم سے 10 مارچ تک 50 فیصد کمی ہوگی، جبکہ ایس اے پی ٹی پر 11 سے 31 مارچ تک 25 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔
وزیر بحری امور نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد لاجسٹک مسائل کم کرنا، کارگو کلیئرنس کو بہتر بنانا اور برآمدات کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ انہوں نے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل شاہد احمد کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ بندرگاہی نظام کو جدید تجارتی ضروریات کے مطابق ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔








