گئے وقتوں کے یوم اقبال کی داستان

گئے وقتوں کے یوم اقبال کی داستان

تحریر:خالد کاشمیری

یہ ایسے دور کا ذکر ہے جب یوم اقبال ہر برس21 اپریل کو منایا جاتا تھا،21 اپریل درحقیقت علامہ اقبالؒ کا یوم وفات ہے اور غالباً علامہؒ کے یوم ولادت کی صحیح تاریخ کی تصدیق ہو رہی تھی جس کے نتیجے میں یوم اقبال9نومبر کو منانے کا اہتمام ہوا۔بہرحال21 اپریل کو بھی یوم اقبال کو مرکزیہ مجلس ِ اقبال کے زیر اہتمام کسی نہ کسی ہال میں بڑے اجتماع کا انتظام ہوتا، مرکزیہ مجلس ِ اقبال1949ء میں تشکیل دی گئی تھی اس کے قیام کا مقصد حکیم الامت علامہ اقبالؒ کے کلام کی روشنی میں ان کے پیغام کو عام کرنا تھا اس کے بانیوں میں حمید نظامی، میاں امیرالدین، راجہ حسن اختر، آغا شورش کاشمیری، میاں محمد شفیع(م ش) ذوالفقار علی بخاری، ڈاکٹر محمد باقر، ڈاکٹر شجاعت علی،قائد کشمیر چودھری، غلام عباس اور اے آر ساغر سمیت دیگر عقیدت مندانِ اقبال بھی شامل تھے۔ یوم اقبال کا پہلا جلسہ مرکزیہ مجلس ِ اقبال کے زیر اہتمام لاہور کی تاریخ ساز جلسہ گاہ باغ بیرون موچی دروازہ میں ہوا تھا۔ زیر تذکرہ یوم اقبال کی کارروائی کے دوران میں نے اس پہلے یوم اقبال کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس جلسے میں دیگر بہت سے مقررین سمیت شعلہ بیان مقرر اے آر ساغر نے ایسی موثر تقریر کی تھی کہ بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان نے اپنی تقریر میں اے آر ساغر کی تعریف فی البدیہہ اشعار کہہ کر حوصلہ افزائی کی۔حقیقت یہ ہے کہ فیلڈ مارشل ایوب خان کی حکومت کے ابتدائی برسوں میں حکومت کے ایماء پر پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ کی طرف سے شاہراہ قائداعظم لاہور پر واقع یونیورسٹی ہال دینے سے پس و پیش کیا جانے لگا تو مرکزیہ مجلس ِ اقبال کی طرف سے جلسوں کی صدارت عدالت عالیہ کے ججوں سے کرانا شروع کر دی گئی تھی اور یہ حکمت عملی یونیورسٹی ہال میں جلسہ کی اجازت دلانے میں کامیاب رہی۔زیر تذکرہ ایک ایسا یوم اقبال تھا جس کی صدارت لاہور ہائیکورٹ کے اس وقت کے چیف جسٹس سردار محمد اقبال کر رہے تھے اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض آغا شورش کاشمیری انجام دے رہے تھے۔ اس یوم اقبال کی پوری کارروائی میں قابل ذکر باتیں نثر کی بجائے نظم کی وساطت سے سامعین کو سننے کو ملیں اور اس کے سرخیل اس دور کے عوامی جذبات کو نظم کی بحر میں پرونے والے معروف شاعر مشیر کاظمی تھے۔ مشیر کاظمی کو دعوت ملی تو ہال تالیوں سے گونج اُٹھا۔یوں لگا جیسے لوگ مشیر کاظمی ہی کو سننے آئے تھے۔ ایک موقع پر انہوں نے ”بارگاہِ قلندر میں“ کے عنوان سے نظم شروع کی تو اُن کا ترنم غضب ڈھا گیا۔ ہر مصرعہ پر واہ واہ اور مکرر، مکرر کی آوازوں سے ہال میں کان پڑی بات سنائی نہ دیتی تھی۔ مشیر کاظمی نے کس خوبصورتی سے حالات کی تصویر میں رنگ بھرا جو یاد رہا۔ کچھ یوں تھا:
پھول لے کر گیا آتا روتا ہوا
بات ایسی کہ کہنے کا یارا نہیں
خوں میں لت پت کھڑے تھے لیاقت علی
روحِ قائد بھی تھی سر جھکائے ہوئے
خیرِ اقبال سے آ رہی تھی صدا
یہ تصور کبھی بھی ہمارا نہ تھا
ہال میں موجود سامعین کا گویا موڈ جذباتی سا ہو گیا اور اس میں حکومت مخالف نعرے بھی لگنے لگے،اس صورت کو سنبھالنے اور حالات کو قابو میں رکھنے کی منتظمین جلسہ کی طرف سے کوششیں کارگر نہ ہوسکیں، حالات کے دگر گوں ہونے سے حواس باختگی کا عالم نمایاں نظر آنے لگا۔ اُن میں سے کچھ ایسی آوازیں بھی سنی گئیں کہ جلسے کے صدر عدالت ِ عالیہ کے چیف جسٹس کی نازک پوزیشن کا خیال رکھنا چاہئے اس فضاء کے نتیجے میں منتظمین جلسہ کے چہروں پر ہوائیاں اڑنے کا گمان ہونے لگا تھا مگر مشیر کاظمی کے ترنم خیز کلام میں پورا یونیورسٹی ہال بہا چلا جا رہا تھا۔ اسی طرح کے ماحول میں یہ شعر ماحول کو مزید گرمانے کا پیش خیمہ بنا۔ یہ ہی اس نوعیت کا تھا۔ شعر ہے:
کچھ محبانِ اقبال رخصت ہوئے اور باقی جو ہیں زندہ درگور ہیں
ان میں بھی چند اقبال کے ہمنوا قربِ سلطان میں آدم خور ہیں
اس پر سامعین نشستوں سے کھڑے ہو کر تین منٹ تک تالیاں بجاتے رہے ایسے تالیوں کے شور میں ایک آواز بلند ہوئی۔”انتظامیہ والے اس کی وضاحت کریں“ مگر یہ مطالبہ دب کر رہ گیا۔ تالیاں تھمنے پر البتہ مشیر کاظمی اپنا ترنم روک کر بولے:”بھائیو!میں نے تو یونہی یہ بات کہی ہے“ ساتھ ہی کہا۔ اگر زندہ رہا تو اگلے یوم اقبال پر پھر ملاقات ہو گی۔ اس موقعہ پر مرکزیہ مجلس ِ اقبال کے سبھی ارکان مسکراتے رہے۔ آغا شورش کاشمیری اور مشیر کاظمی کا آپس میں بھائیوں ایسا ادب و احترام اور پیار محبت کا رشتہ تھا، آغا شورش کاشمیری نے انہیں مخاطب کر کے کہا، انشاء اللہ تم اگلے یوم اقبال پر بھی اپنا کلام سنا کر حاضرین سے داد وصول کرو گے۔ اس موقعہ پر غالباً انتظامیہ ہی کے کہنے پر ان کے کسی ”صاحب“ نے سٹیج پر آ کر، کچھ کہے سنے بغیر مشیر کاظمی کو بازو سے تھام کر اُن کو سٹیج سے اتارنے ہی والے تھے کہ سیکرٹری کی نظروں نے یہ منظر دیکھتے ہی اپنے مخصوص دبنگ لہجے میں سرزنش کے سے انداز سے کہا ”یہ نہ کریں اُنہیں اپنی نظم پڑھنے دیں لوگ سن رہے ہیں، آپ کو کس نے ایسا کرنے کو کہا ہے“۔مشیر کاظمی صاحب ہمارے معزز اور قابل قدر مہمان ہیں اس حوالے سے مَیں ان سے معذرت خواہوں۔ اگرچہ مشیر کاظمی نے بھی مزاحمت نہ کی تھی مگر وہ مطمئن ہو کر مائیک سنبھالے رہے اور انہیں کلام کے اگلے شعر کو ادا کرنے میں قدرے ہچکچاہٹ سی محسوس ہو رہی مگر بالآخر انہوں نے وہاں کے جم غفیر کے بھرپور اصرار پر کہنا شروع کر دیا آخری شعر تھا:
کھا رہے ہیں خودی، پی رہے ہیں لہو
اُن کے چہرے دکھانے کو آیا ہوں مَیں
اور اس کے بعد مرکزیہ مجلس ِ اقبال نے مشیر کاظمی سے مداحوں کے جھرمٹ میں بغلگیر ہو کر اُنہیں رخصت کیا۔ ناقابل تردید حقیقت سے اغماض ممکن نہیں کہ اب تو یوم اقبال کے اجتماع بھی خال خال ہی دیکھنے کو ملتے ہیں ورنہ ایسے اجتماعات میں اربابِ علم و ادب کے افکار سے ایک عالم کو دعوتِ فکر ملا کرتی اور زیر تذکرہ حالات و واقعات کو مرتب کر کے دبستانِ ادب کے لئے شہ پاروں میں اضافہ کرنے کا موجب بن جاتا۔
٭٭٭٭٭

Leave a reply