نئی آٹو پالیسی،ایک جائزہ

پاکستان کی نئی آٹو پالیسی 2026-31ء بظاہر ملک کی گاڑیوں کی صنعت کو ایک نئے دور میں داخل کرنے کی کوشش ہے۔ حکومت نے پانچ برس میں گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی برآمدات چھ ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ درآمدی ڈیوٹیوں میں کمی، الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی، مقامی صنعت کی مسابقت بڑھانے اور برآمدات سے منسلک مراعات اس پالیسی کے اہم نکات ہیں۔ بلا شبہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری کو تحفظ کی پالیسی سے نکال کر عالمی مسابقت کی طرف لے جانا ضروری ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہماری آٹو صنعت اس تبدیلی کے لئے تیار ہے؟ کیا چند برسوں میں وہ پیداواری صلاحیت، ٹیکنالوجی، معیار، لاگت اور عالمی مارکیٹ تک اتنی رسائی حاصل کر سکتی ہے جو ایک کامیاب آٹو برآمد کنندہ ملک کے لئے ضروری ہوتی ہے؟ نئی پالیسی میں کیے گئے اعلانات کی کامیابی کا فیصلہ اعلانات نہیں بلکہ عملی نتائج کریں گے۔
حکومت کے اعلان کے مطابق نئی پالیسی کے تحت 2026-27ء سے2030-31ء تک گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی مجموعی برآمدات کا ہدف کم و بیش 6.01 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ اس ہدف کے حصول کیلئے سالانہ برآمدات کا تخمینہ بتدریج بڑھایا گیا ہے،خصوصاً 2030-31ء میں 2.19 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری محض مقامی منڈی کے لئے گاڑیاں تیار کرنے کے بجائے عالمی سپلائی چین کا حصہ بنے۔ ایسا ابھی ممکن نہیں۔ اس لئے اس ہدف کو موجودہ کارکردگی کے تناظر میں دیکھنا ضروری ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے سینیٹ میں پیش کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان نے گزشتہ تین مالی برسوں میں مجموعی طور پر صرف 434 مقامی طور پر تیار شدہ گاڑیاں برآمد کیں، جن کی مالیت تقریباً 1.42 ارب روپے تھی۔ 2024-25ء میں 227 گاڑیاں برآمد ہوئیں جن کی مالیت 93 کروڑ 69 لاکھ روپے تھی۔یہ فرق محض اعدادوشمار کا نہیں،بلکہ ہماری صنعتی استعداد اور حکومتی توقعات کے درمیان ایک بہت بڑے فاصلے کا اظہار ہے۔ یہ فاصلہ کیسے کم یا ختم کیا جا سکے گا؟
نئی پالیسی کا سب سے اہم سوال یہی ہے کہ موجودہ عالمی حالات میں ہم گاڑیوں کی برآمدات کیسے بڑھا سکیں گے؟ کیا پاکستان واقعی پانچ برس میں چھ ارب ڈالر کی آٹو برآمدات کر سکے گا، یا نئی آٹو پالیسی بھی ماضی کی پالیسیوں کی طرح اہداف اور وعدوں تک محدود رہے گی؟ آج عالمی آٹو انڈسٹری میں مقابلہ غیر معمولی حد تک سخت اور شدید ہو چکا ہے۔ چین، جاپان، جنوبی کوریا، جرمنی اور بھارت جیسے ممالک کئی دہائیوں کی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور مضبوط سپلائی چین کی بنیاد پر عالمی منڈی میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔ انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کی 2026ء کی رپورٹ کے مطابق 2025ء میں دنیا بھر میں تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ الیکٹرک کاریں تیار ہوئیں، جو اس سے گزشتہ برس کے مقابلے میں 25 فیصد سے زیادہ تھیں۔ چین نے عالمی الیکٹرک کار پیداوار کا تقریباً 75 فیصد حصہ حاصل کیا، جبکہ اس کی الیکٹرک کاروں کی برآمدات 25 لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔ اس کے برعکس پاکستان ابھی تک اپنی مقامی ضرورت پوری کرنے اور گاڑیوں کی پیداواری لاگت کم رکھنے کے مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے میں چین کی جدید اور نسبتاً سستی گاڑیوں سے مقابلہ کرنا آسان نہیں ہو گا۔
اہم بات یہ ہے کہ عالمی منڈی اب صرف کم قیمت گاڑی نہیں خریدتی بلکہ جدید حفاظتی نظام، ایندھن کی بچت، قابل اعتماد معیار، بعد از فروخت خدمات اور ماحولیاتی معیار کو بھی اہمیت دیتی ہے۔ کیا پاکستان کے موجودہ کار ساز ادارے ان تمام تقاضوں پر پورا اترتے ہیں؟ کیا ہماری گاڑیوں میں وہ جدید ٹیکنالوجی موجود ہے جو یورپ، مشرق وسطیٰ، افریقہ اور وسطی ایشیا کی منڈیوں میں انہیں قابل قبول بنا سکے؟
نئی پالیسی کا ایک اہم پہلو گاڑیوں اور پرزہ جات کی درآمدی ڈیوٹیوں میں بتدریج کمی ہے۔ حکومت کا موقف ہے کہ اس سے مسابقت بڑھے گی، صارفین کو بہتر انتخاب ملے گا اور مقامی صنعت اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر مجبور ہو گی۔ پاکستان میں کئی دہائیوں سے مقامی آٹو انڈسٹری کو بلند درآمدی ڈیوٹیوں کے ذریعے تحفظ حاصل رہا ہے۔ اس کے باوجود صارفین کو عالمی معیار کے مقابلے میں مہنگی گاڑیاں، محدود ماڈلز اور بعض اوقات بنیادی حفاظتی سہولیات سے محروم گاڑیاں خریدنا پڑتی ہیں۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ درآمدی پرزہ جات پر ڈیوٹی کم ہونے سے مقامی پرزہ ساز صنعت متاثر ہو گی اور مکمل طور پر درآمدی گاڑیوں کی آمد مقامی پیداواری بنیاد کو کمزور کر سکتی ہے۔ یہ خدشہ نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان میں ہزاروں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار آٹو پارٹس کی تیاری سے وابستہ ہیں۔ اگر انہیں جدید ٹیکنالوجی، مالی معاونت اور مسابقت کے لئے مناسب وقت فراہم کیے بغیر عالمی مقابلے میں دھکیل دیا گیا تو مقامی صنعت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پاکستان میں پیداواری لاگت زیادہ ہونے کی بڑی وجوہات میں مہنگی بجلی، بلند شرح سود، ٹیکسوں کا پیچیدہ نظام، خام مال کی درآمد پر انحصار اور پالیسیوں میں عدم تسلسل شامل ہیں۔ سرمایہ کار کو یہ یقین ہونا چاہئے کہ آج لگایا گیا سرمایہ پانچ سال بعد بھی حکومتی پالیسیوں کے باعث غیر یقینی صورت حال سے دوچار نہیں ہو گا۔ یہ یقین دہانی کون کرائے گا؟ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں بھی مقامی صلاحیت پیدا کرے گا یا صرف چین سے گاڑیاں اور بیٹریاں درآمد کر کے انہیں مقامی مارکیٹ میں فروخت کرنے تک محدود رہے گا؟ کیا پاکستان علاقائی آٹو برآمدی مرکز بن سکتا ہے؟ پاکستان کو یہ بھی طے کرنا ہو گا کہ وہ کس شعبے میں عالمی سطح پر مقابلہ کر سکتا ہے۔ کیا چھوٹی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں،الیکٹرک رکشے، کمرشل گاڑیاں یا آٹو پارٹس ہماری برآمدی حکمت عملی کا بنیادی حصہ ہوں گے؟ کیا ہمارے پاس عالمی معیار کی گاڑیاں،جدید ٹیکنالوجی، مسابقتی قیمتیں اور عالمی منڈیوں تک رسائی کا قابل عمل منصوبہ موجود ہے؟ اگر ان سوالات کے جواب عملی اقدامات کی صورت میں سامنے نہیں آتے تو نئی آٹو پالیسی بھی سابق پالیسیوں کی طرح بلند اہداف اور ادھورے وعدوں کی دستاویز بن کر رہ جائے گی۔ارباب بست و کشاد کو ان معاملات پر توجہ دینی چاہئے اور پالیسی میں گاڑیوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے جو غیر ضروری پابندیاں لگائی گئی ہیں ان کے خاتمے کے بارے میں بھی سوچنا چاہئے









