ایف آئی اے کی نئی پہچان، ڈاکٹر عثمان انور کا وژن

ایف آئی اے کی نئی پہچان، ڈاکٹر عثمان انور کا وژن

تحریر:یونس باٹھ

کسی سرکاری ادارے کی اصل خوبصورتی اس کی بلند و بالا عمارتوں، خوبصورت کمروں اور قیمتی فرنیچر میں نہیں ہوتی بلکہ اس کے دروازے پر آنے والے شہری کے ساتھ ہونے والے سلوک میں ہوتی ہے۔ اگر کسی دفتر میں داخل ہونے والا شخص عزت، احترام اور سہولت محسوس کرے تو سمجھ لیجیے کہ وہاں تبدیلی آ رہی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بطور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اسی تبدیلی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے اور ان کے اقدامات کے اثرات اب نمایاں ہونے لگے ہیں۔ڈاکٹر عثمان انور سے میرا تعلق کوئی آج کا نہیں، برسوں سے ان کی شخصیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبے کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا ہے۔ وہ میرے لیے ایک افسر سے بڑھ کر بھائی اور دوست کا درجہ رکھتے ہیں۔ ہمیشہ محبت، خلوص اور تعاون کا رویہ رہا ہے، لیکن آج ان کا ذکر کسی ذاتی تعلق کی وجہ سے نہیں بلکہ ان تبدیلیوں کے اعتراف کے لیے کر رہا ہوں جو ایک اہم قومی ادارے میں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ جب سے انہوں نے ایف آئی اے کا چارج سنبھالا ہے، لاہور کے دفتر کی صورت ہی بدل گئی ہے۔ کبھی اس دفتر میں داخل ہوتے ہوئے شہری کو یہ احساس ہوتا تھا کہ وہ کسی ایسے سرکاری نظام کا حصہ بننے جا رہا ہے جہاں نہ بیٹھنے کی مناسب جگہ ہے اور نہ ہی کسی سے آسانی کے ساتھ ملاقات ممکن ہے۔ گیٹ پر کھڑے شخص کے لیے اندر داخل ہونا بھی ایک مرحلہ ہوتا تھا۔ جب تک اندر سے کسی کا فون نہ آتا، شہری کو آگے جانے کی اجازت ملنا مشکل تھا۔ آج اسی دفتر میں داخل ہوں تو منظر مختلف دکھائی دیتا ہے۔ عمارت کی تزئین و آرائش، صفائی، خوبصورتی، مناسب سہولیات اور ایک خوبصورت کیفے نے پورے ماحول کو بدل دیا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کسی پرانی سرکاری عمارت کو نئی زندگی دے دی گئی ہو۔ لاہور کے دفتر کو تو واقعی دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔لیکن ڈاکٹر عثمان انور کا اصل کارنامہ صرف عمارت کی خوبصورتی نہیں، بلکہ لوگوں کے رویوں میں تبدیلی لانا ہے۔ اب شہری کو اپنی درخواست یا مسئلے کے سلسلے میں دفتر کے دروازے پر غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ گیٹ پر رویہ بہتر ہوا ہے، شہریوں کے ساتھ رابطے میں آسانی پیدا ہوئی ہے اور دفتر کے اندر کام کرنے کا ماحول بھی پہلے سے مختلف دکھائی دیتا ہے۔ ایئرپورٹس پر مسافروں کو درپیش مشکلات، بعض اہلکاروں کے مبینہ ناروا رویوں اور غیر قانونی سرگرمیوں کی شکایات بھی ایک عرصے سے عوامی گفتگو کا حصہ رہی ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے امیگریشن کے نظام میں نظم و ضبط، شفافیت اور جواب دہی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ اس میدان میں ابھی مزید کام کی گنجائش ضرور ہے، مگر یہ احساس پیدا ہونا کہ شہری کی عزت اور اس کے جائز حقوق کا تحفظ بھی ادارے کی ذمہ داری ہے، بذات خود ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ان کی توجہ صرف لاہور تک محدود نہیں۔ پنجاب کے مختلف دفاتر اور زونز کے دورے، عمارتوں اور سہولیات کا جائزہ، افسران سے ملاقاتیں اور زیر التوا معاملات کو تیزی سے نمٹانے کی ہدایات اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ ادارے کو مجموعی طور پر بہتر بنانے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے ادارے کے مختلف دفاتر کو نئی گاڑیاں بھی فراہم کی ہیں تاکہ فیلڈ میں کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں۔ اسی طرح ملک بھر، بالخصوص پنجاب میں تعینات ڈائریکٹرز کو کھلی کچہریاں لگانے کی ہدایت دے رکھی ہے تاکہ شہری براہِ راست اپنی شکایات اور مسائل اعلیٰ افسران تک پہنچا سکیں اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ میری نظر میں ان کی کوشش یہ ہے کہ پاکستان بھر میں ایف آئی اے کے دفاتر کا ماحول، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کا معیار ایک نئی پہچان بنے۔ ادارے کے اندر بھی بہتری کی کوششیں جاری ہیں۔ ملازمین کی حوصلہ افزائی، اہل افسران کی ترقی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اہمیت دینا کسی بھی ادارے کی مضبوطی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ مارچ 2026 میں ایف آئی اے کے 102 اہلکاروں کی ترقیوں کا اعلان بھی اسی سلسلے کی ایک اہم مثال ہے۔ دوسری جانب انسانی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، کرپشن اور جعلی ادویات کے خلاف کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایات ان کے پیشہ ورانہ ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ایف آئی اے جیسے حساس اور وسیع دائرہ کار رکھنے والے ادارے کو بدلنا چند ماہ کا کام نہیں۔ اس کے لیے مستقل مزاجی، میرٹ، شفاف احتساب اور اچھی ٹیم درکار ہوتی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور کو یہ سمجھنا ہوگا کہ شہریوں کا اعتماد ہی کسی ادارے کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور اس اعتماد کو ہر قیمت پر برقرار رکھنا ضروری ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ کسی دوست یا بھائی کی تعریف کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اس کے اچھے کام کو اچھا کہا جائے اور اس کے لیے دعا بھی کی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے اپنی نئی ذمہ داری میں جس جذبے، محنت اور دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ میری ان سے توقع بھی زیادہ ہے کیونکہ تعلق پرانا ہے اور اعتماد بھی۔آخر میں صرف اتنا کہوں گا کہ عمارتیں خوبصورت بنانا یقینا اچھا کام ہے، مگر لوگوں کے دلوں میں ادارے کے لیے عزت پیدا کرنا اس سے کہیں بڑا کام ہے۔ ایف آئی اے کے دروازے پر آنے والا عام شہری اگر عزت، سہولت اور انصاف کا احساس لے کر واپس جائے تو یہی ڈاکٹر عثمان انور کی سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔ادارے عمارتوں سے نہیں، کردار سے خوبصورت بنتے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور کی کوشش ہے کہ ایف آئی اے کی عمارت بھی خوبصورت ہو اور اس کا کردار بھی

Leave a reply