وزارتِ محنت و افرادی قوت اور مزدوروں کے مسائل

وزارتِ محنت و افرادی قوت اور مزدوروں کے مسائل

تحریر:نسیم شاہد

پاکستان میں ہمیشہ محنت کش یہ شکوہ کرتے ہیں انہیں اُن کی محنت کا معاوضہ نہیں ملتا، لیبر قوانین کے تحت جو تحفظات حاصل ہیں، وہ بھی پورے نہیں ہوتے۔خاص طور پر جو آجر، سرمایہ دار اور صنعتکار ہیں وہ مزدوروں کا استحصال کرتے ہیں،میں جب محکمہ لیبر اینڈ ہیومین ریسورس پنجاب کی نئی تعینات ہونے والی سیکرٹری ثمن رائے سے ملنے اُن کے دفتر گیا تو وہاں میں نے دیکھا مزدوروں کے نمائندے آئے بیٹھے ہیں اور اپنے مسائل و حقوق پر بات کر رہے ہیں۔اُن میں ایک جوش و جذبہ بھی تھا اور اپنے مسائل کے حل کی خاطر دیئے جانے والے دلائل اور پیش کئے جانے والے مطالبات کے حق میں پُرزور آواز بھی۔ میں نے دیکھا کہ ثمن رائے جو ایک منجھی اور جہاندیدہ افسر ہیں،اُن کی باتیں صبر و تحمل سے سن رہی ہیں اور اُن کے حل کی یقینی دہانی بھی کرا رہی ہیں وہاں اس وفد کے سربراہ نے کہا اِس وقت لیبر کے حوالے سے تین فریق ہیں۔ حکومت، سرمایہ دار اور مزدور،حکومت جو بھی مزدوروں کے لئے کرنا چاہتی ہے،اُس پر عملدرآمد کے حوالے سے ہمیشہ تساہل سے کام لیا جاتا ہے، کیونکہ ضلع اور ڈویژن کی سطح پر محکمہ لیبر کے افسر مختلف وجوہات کی بناء پر حکومتی پالیسیوں کو نافذ نہیں کرا پاتے اور فیکٹری مالکان یا سرمایہ کاروں کی طرفداری زیادہ کرتے ہیں۔ثمن رائے نے انہیں بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز مزدوروں کے حقوق اور اُن کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بہت زیادہ دلچسپی لیتی ہیں۔موجودہ پنجاب حکومت نے کئی ایسی پالیسیاں بنائی ہیں،جو مزدوروں کی زندگی آسان بنانے کے لئے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ مزدور کو وقت پر اُس کی تنخواہ یا معاوضہ ملے، لیبر قوانین کے تحت جو مراعات یا تحفظ کی پالیسیاں ہیں اُن پر مکمل عملدرآمد ہو۔ جب مزدور تنظیموں کا وفد چلا گیا تو میں نے سیکرٹری محنت و ہیومن ریسورس ثمن رائے سے پوچھا آپ جس محکمے میں آئی ہیں، آخر اس کی غرض و غایت کیا ہے،اس سے عام آدمی خصوصاً مزدوروں کو کیا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے بتایا وزارتِ محنت و افرادی قوت پنجاب کے زیر اہتمام75 تعلیمی ادارے چل رہے ہیں جو مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کے لئے قائم کئے گئے ہیں۔ بہت سے ہسپتال ہیں جن میں مفت علاج معالجہ ہوتا ہے۔ مزدوروں کو ہر ماہ راشن کارڈ کے ذریعے پنجاب حکومت وظیفہ دیتی ہے۔ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات اٹھانے کے ساتھ ساتھ انہیں کتابیں اور کاپیاں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزدور تنظیمیں بہت اہم ہیں تاہم آج مزدوروں کو یہ بھی علم ہونا چاہئے کہ اب حکومت کی طرف سے بہت سی ایسی سہولتیں متعارف کرا دی گئی ہیں،جو آن لائن دستیاب ہیں، کسی مزدور کو بلا جواز ملازمت سے نکالنا، اُس کا حق نہ دینا، پیسے ادا نہ کرنا، لیبر قوانین کے تحت جو تحفظات موجود ہیں انہیں پورا نہ کرنا سب غیر قانونی ہیں اور ان کے خلاف محکمہ لیبر کے علاقائی دفاتر یا آن لائن شکایت درج کرا کے اپنا حق حاصل کیا جا سکتا ہے۔
حقیقت یہ ہے ہمارے ہاں اداروں اور محکموں کی کمی نہیں، قوانین بھی موجود ہیں۔ مسئلہ یہ ہے اُن پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔ ایک عام مزدور طاقتور مالکان سے اپنا حق حاصل نہیں کر سکتا۔یہ تلخ حقیقت ہے اور اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، اسی لئے اس مصرعے کی باز گشت ہمیشہ سنائی دیتی ہے، ہیں تلخ بہت بندہئ مزدور کے اوقات،اب اس بات پر ہی غور کریں حکومت نے جو کم سے کم تنخواہ مقرر کر رکھی ہے۔ اُس پر کتنا عملدرآمد ہوتا ہے۔ مزدور صرف فیکٹری میں کام کرنے والے ہی تو نہیں ہوتے۔گلیوں، بازاروں، ریستورانوں، دکانوں، حتیٰ سکولوں میں ٹیچنگ کرنے والے بھی مزدور ہی ہوتے ہیں،جنہیں منظور شدہ کم سے کم تنخواہ کا آدھا بھی نہیں دیا جاتا۔یہ صریحاً ظلم ہے اور اس پر کریک ڈاؤن کرنے کی ضرورت ہے۔ بنکوں اور مختلف اداروں میں تعینات گارڈز بھی مزدور ہیں جنہیں بارہ گھنٹے ڈیوٹی کے بعد 20سے 25 ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے۔وہ بھی بعض اوقات ہر ماہ نہیں ملتی۔آپ اندازہ کریں بنک جو اربوں روپے منافع کماتے ہیں اپنے سکیورٹی گارڈز کو منظور شدہ اجرت سے کہیں کم دیتے ہیں اور رسید زیادہ کی بنواتے ہیں۔ میں یہ بھی جانتا ہوں اور اپنی نصف صدی کی صحافت میں خود اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ مزدوروں کے نام پر لیڈری کرنے والے خود شاہانہ زندگی گزارتے ہیں اور اپنے مزدوروں کو بنیادی حق بھی نہیں لے کر دے سکتے، کہنے کو مزدور،مالکان اور حکومت تین فریق ہیں مگر اکثر یہ ہوتا ہے مزدور لیڈر مالکان سے اندر خانے مل جاتے ہیں اور حقوق کے لئے اتنی شدت سے آوازیں اٹھاتے ہیں جتنی شدت سے مطالبات منظور کروانے کے لئے درکار ہوتی ہیں۔
ثمن رائے ایک ایسی افسر ہیں جن کاکیریئر بہت شاندار ہے۔ وہ مختلف حیثیتوں میں گراں قدر کام کر چکی ہیں۔اس وزارت کی سیکرٹری بننے سے پہلے وہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی سیکرٹری تھیں، اُس سے پہلے انہوں نے پنجاب اوورسیز پاکستان کمشن کے کمشنر کی حیثیت سے نمایاں کام کئے،جن میں الفلاح بلڈنگ لاہور میں فیسلیٹیشن سنٹر کا قیام بھی شامل ہے۔ خواتین کی ترقی کے حوالے سے انہوں نے بہت کم عرصے میں ایسے کام کئے جو خواتین کو خود مختار بنا کے زندگی گزارنے کا باعث بن رہے ہیں،انہیں ہنر مند اور آئی ٹی کے شعبوں میں ماہر بنایا اور گھریلو صنعتوں کو فروغ دے کر معاش کے حوالے سے خود انحصاری دینا اُن کے اہم کام ہیں۔ اب پنجاب کے اس اہم محکمے کی سیکرٹری بن کر یقینا وہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے نوٹس میں ایسے کئی پہلو اور نکات لائیں گی جن پر توجہ دے کر مزدوروں کی فلاح و بہبود میں مزید تیزی لائی جا سکتی ہے۔ میں نے ان سے پوچھا وہ اس حوالے سے کتنی پُر اُمید اور کتنی پُرعزم ہیں تو انہوں نے کہا میں کام کرنے پر یقین رکھتی ہوں،ابھی چند دن ہی ہوئے ہیں کہ چارج سنبھالا ہے تاہم اس عرصے میں بھی انہوں نے بہت تیزی سے اُن پہلوؤں پر توجہ دی ہے، جو بہت اہم اور ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا مزدور ہماری مثبت اور معاشرت کی شہ رگ ہیں اسے نظرانداز کرنا گویا اپنا ہی نقصان کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ اسی لئے اس طبقے پر بھرپور توجہ دے رہی

Leave a reply