جوانی واپس لانے والا علاج موت کا سبب بن گیا؟

0
6
جوانی واپس لانے والا علاج موت کا سبب بن گیا؟

امریکا کے شہر نیویارک میں مبینہ طور پر اینٹی ایجنگ علاج کے دوران 27 سالہ خاتون کی موت کے واقعے نے صحت کے شعبے میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
حکام کے مطابق خاتون ایلزبتھ بارون برونکس کے علاقے میں واقع ایک ویلنس سینٹر گئی تھیں، جہاں انہیں آئی وی سیرم دیا گیا جس میں NAD+ نامی مرکب شامل تھا۔ یہ مرکب بعض مقامات پر توانائی بڑھانے اور عمر بڑھنے کے اثرات کم کرنے کے دعووں کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق اس کے فوائد کے حوالے سے مضبوط سائنسی شواہد محدود ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سیرم لگنے کے فوراً بعد خاتون کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ بے ہوش ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچ سکی۔
واقعے کے بعد حکام نے ڈاکٹر لوئس روخاس کو گرفتار کیا، جن پر الزام ہے کہ وہ نیویارک میں طبی پریکٹس کا لائسنس نہ ہونے کے باوجود مریضوں کا علاج کر رہے تھے۔ تفتیش کے دوران مبینہ طور پر یہ بات سامنے آئی کہ ان کے پاس نیویارک میں طبی خدمات انجام دینے کی اجازت موجود نہیں تھی۔
حکام نے متعلقہ ویلنس سینٹر کو بھی بند کر دیا ہے جبکہ خاتون کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی انجیکشن یا سیرم تھراپی صرف مستند اور لائسنس یافتہ طبی ماہرین کی نگرانی میں ہی کروائی جائے، کیونکہ غیر ثابت شدہ علاج خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

Leave a reply