سندھ میں آسمانی طوفان! موسلا دھار بارش نے کئی شہر ڈبو دیے، بجلی کا نظام درہم برہم

0
7
سندھ میں آسمانی طوفان! موسلا دھار بارش نے کئی شہر ڈبو دیے، بجلی کا نظام درہم برہم

سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم کئی شہروں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بارش کے بعد متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ کئی مقامات پر بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
کندھ کوٹ، سکھر، کشمور، خیرپور، پنوعاقل اور دیگر علاقوں میں رات کے اوقات سے وقفے وقفے سے بارش جاری رہی۔ شدید بارش کے باعث مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
کندھ کوٹ میں بارش اور تیز ہواؤں کے بعد متعدد علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا، جبکہ بجلی کے کئی فیڈرز متاثر ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
خیرپور اور گردونواح میں بھی تیز بارش کے باعث موسم میں نمایاں بہتری آئی، تاہم بجلی کی بندش اور پانی جمع ہونے کی شکایات سامنے آئیں۔
کشمور، گڈو، بخشاپور اور دیگر علاقوں میں بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ بجلی کے نظام کو بھی نقصان پہنچا۔ اسی طرح سکھر اور اطراف میں موسلا دھار بارش کے باعث متعدد بجلی کے فیڈرز بند ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
پنوعاقل میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی، تاہم بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پانی کی نکاسی اور بجلی کی بحالی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

Leave a reply