
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد پاکستان میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ پاکستانی حکام نے ایران کو پیغام دیا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف کسی بھی کارروائی کو پاکستان کے مفادات کے خلاف سمجھا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق حوثیوں نے سعودی کارروائی کے ردعمل میں میزائل حملے کیے، جس کے بعد اسلام آباد کو خدشہ ہے کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی پاکستان کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔
ایک پاکستانی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے ایران کو اعلیٰ سطح پر آگاہ کیا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف کسی بھی حملے کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
رائٹرز کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ سال دفاعی تعاون کا معاہدہ بھی ہوا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی روابط مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی سعودی عرب پر ہونے والے حملوں پر تحفظات کا اظہار کرچکا ہے۔ حالیہ واقعات نے اسلام آباد کی تشویش میں اضافہ کیا ہے، کیونکہ ان سے خطے میں کشیدگی بڑھنے اور ایک نئے تنازع کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
پاکستان خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور تمام فریقین کے ساتھ سفارتی رابطے جاری رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔









